ابوظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی کی کامیابیاں قومی وژن اور مؤثر سرمایہ کاری پالیسی کی عکاس ہیں، شیخ طحنون کا اتھارٹی کے 50 برس مکمل ہونے پر اعتماد کا اظہار

ابوظہبی، 22 مئی، 2026 (وام) -- ابوظہبی کے نائب حکمران اور ابوظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین عزت مآب شیخ طحنون بن زاید النہیان نے ادارے کے قیام کے 50 برس مکمل ہونے پر اس کی مسلسل کامیابیوں اور بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک کردار پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی مسلسل سرپرستی اور حمایت کو بھی سراہا۔

شیخ طحنون بن زاید نے کہا کہ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کا وژن ابوظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی کی کامیابی اور پائیدار وسائل کے مؤثر انتظام، مستقبل کی تیاری اور متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری صلاحیتوں سے بھرپور استفادے پر مبنی قومی حکمت عملی کے فروغ میں بنیادی ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وژن نے قومی کامیابیوں کے تحفظ، طویل المدتی ترقیاتی فوائد کے فروغ، مالیاتی استحکام، ملک کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور جامع ترقی کے سفر کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانیٔ متحدہ عرب امارات مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان اور مرحوم شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے 1976 میں ابوظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی کے قیام کے ذریعے ایک دور اندیش حکمت عملی کی بنیاد رکھی، جو آج دنیا کے نمایاں اور بڑے خودمختار سرمایہ کاری اداروں میں شمار ہوتی ہے۔

شیخ طحنون نے کہا کہ ابوظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی ان خودمختار اداروں میں شامل ہے جنہوں نے مالیاتی اثاثوں کے اسٹریٹجک انتظام کے ذریعے ابوظہبی کی طویل المدتی مالیاتی مضبوطی کو استحکام فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ مختصر مدتی معاشی اتار چڑھاؤ سے بالاتر ہو کر اثاثوں کی مالیت کے تحفظ، منافع میں اضافے اور نئے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دے رہا ہے، جس سے متحدہ عرب امارات کو اعتماد اور استحکام کے ساتھ ترقی کا سفر جاری رکھنے میں مدد مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصاً مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تیز رفتار تکنیکی تبدیلیاں سرمایہ کاری کے میدان میں ایک نئے دور کا آغاز کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت نہ صرف نئے مواقع پیدا کر رہی ہیں بلکہ تجزیاتی معیار کو بہتر بنانے، سرمایہ کاری پورٹ فولیو کے انتظام کو مؤثر بنانے اور ادارہ جاتی جدت کو فروغ دینے میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہیں، جبکہ ابوظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی اپنی کامیاب سرمایہ کاری حکمت عملی کے بنیادی اصولوں پر بھی قائم ہے۔

عزت مآب شیخ طحنون بن زاید نے ابوظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی کے قیام سے اب تک اس کے سفر میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 50 برس کی کامیابیاں ایک اہم قومی اور سرمایہ کاری ورثہ ہیں، جنہیں آگے بڑھانا ایک نئی ذمہ داری بھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابوظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی ایک مضبوط ریکارڈ، واضح وژن اور جدید ادارہ جاتی صلاحیتوں کے ساتھ اپنے اگلے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، جس سے ادارہ ابوظبی کے مالیاتی استحکام، کریڈٹ حیثیت کے استحکام، قومی کامیابیوں کے تحفظ اور آنے والی نسلوں کے لیے زیادہ خوشحال اور پائیدار مستقبل کی تعمیر میں اپنا کردار جاری رکھ سکے گا۔