دبئی، یکم جون، 2026 (وام) -- دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کے مطابق عید الاضحیٰ 1447 ہجری / 2026 کی تعطیلات کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ اور مختلف سفری خدمات استعمال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 82 لاکھ تک پہنچ گئی۔ یہ اعداد و شمار 25 مئی سے 29 مئی تک کے عرصے پر مشتمل ہیں۔
تعطیلات کے دوران دبئی میٹرو کی ریڈ اور گرین لائنز سے 33 لاکھ مسافروں نے سفر کیا، جبکہ دبئی ٹرام کے مسافروں کی تعداد ایک لاکھ 14 ہزار 300 رہی۔
عوامی بسوں کے ذریعے 17 لاکھ 30 ہزار مسافروں نے سفر کیا، جبکہ بحری نقل و حمل کی مختلف خدمات سے 3 لاکھ 4 ہزار 300 افراد نے استفادہ کیا۔
دبئی ٹیکسی اور فرنچائز کمپنیوں کی ٹیکسی سروسز کے ذریعے 23 لاکھ مسافروں نے سفر کیا۔ اسی طرح مشترکہ سفری خدمات، جن میں اسمارٹ ایپلی کیشنز کے ذریعے حاصل کی جانے والی گاڑیاں، گھنٹوں کے حساب سے کرائے پر دستیاب گاڑیاں اور "بس آن ڈیمانڈ" سروس شامل ہیں، سے 4 لاکھ 2 ہزار 700 مسافروں نے فائدہ اٹھایا۔