صدر شیخ محمد بن زاید کی مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

قاہرہ، 15 جون، 2026 (وام) -- متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے آج عرب جمہوریہ مصر کے برادرانہ دورے کے دوران مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے متحدہ عرب امارات اور مصر کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا، خصوصاً ترقیاتی شعبوں میں جاری شراکت داری اور باہمی مفادات کے حصول کے لیے تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کو درپیش مشترکہ چیلنجز کے پیش نظر مختلف امور پر مسلسل مشاورت جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور، خصوصاً مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور اس کے علاقائی و عالمی امن و استحکام پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کی عوام کے لیے ترقی اور خوشحال مستقبل کے حصول کے لیے امن اور استحکام کا فروغ ناگزیر ہے۔

اس سے قبل صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی قاہرہ بین الاقوامی ہوائی اڈے آمد پر مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے ان کا استقبال کیا۔

صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی تھا، جس میں صدارتی دیوان برائے خصوصی امور کے نائب چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، متحدہ عرب امارات کے صدر کے مشیر شیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان سمیت متعدد وزراء اور اعلیٰ حکام شامل تھے۔