اتحاد ایئرویز کا اب تک کا سب سے بڑا سمر آپریشن، روزانہ 300 سے زائد پروازیں اور 9 نئے و موسمی روٹس کا آغاز

ابوظہبی، 15 جون، 2026 (وام) -- اتحاد ایئرویز اپنے تاریخ کے سب سے بڑے سمر آپریشن کا آغاز کر رہی ہے، جس کے تحت ایئرلائن روزانہ 300 سے زائد پروازیں چلا رہی ہے، جبکہ مسافروں کی تعداد ریکارڈ سطح کے قریب پہنچ چکی ہے۔ بڑھتی ہوئی سفری مانگ کے پیش نظر ایئرلائن نے چند ہی دنوں میں 9 نئے اور موسمی روٹس کا آغاز یا دوبارہ بحال کیا ہے۔

یہ پیش رفت اتحاد ایئرویز کی تیز رفتار ترقی کی عکاس ہے۔ ایئرلائن کی سمر سیزن گنجائش گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد بڑھ گئی ہے، جبکہ اس کے فضائی بیڑے میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 23 طیاروں کا اضافہ ہوا ہے۔ تقریباً 90 فیصد نشستوں کے بھرنے کی شرح کے ساتھ ایئرلائن کو یورپ، ایشیا، شمالی امریکا، افریقہ اور مشرق وسطیٰ پر مشتمل اپنے نیٹ ورک میں مضبوط مانگ کا سامنا ہے۔

11 سے 14 جون کے دوران اتحاد ایئرویز نے مسلسل چار دنوں میں چار نئی منزلوں کا آغاز کیا، جن میں پولینڈ کا شہر کراکوف، اسپین کا پالما دے میورکا، شام کا دارالحکومت دمشق اور تنزانیہ کا سیاحتی جزیرہ زنجبار شامل ہیں۔

اس ہفتے ایئرلائن نے پانچ مقبول موسمی روٹس کی پروازیں بھی دوبارہ شروع کی ہیں، جن میں 15 جون سے مائیکونوس اور مالاگا، 16 جون سے سانتورینی، 19 جون سے نیس اور 16 جولائی سے العلمین شامل ہیں۔

اس موقع پر اتحاد ایئرویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انتونوالدو نیویس نے کہا کہ آج اتحاد ایئرویز پہلے سے کہیں زیادہ مسافروں کو زیادہ منزلوں تک پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایئرلائن روزانہ 300 سے زائد پروازیں چلا رہی ہے، جبکہ مسافروں کی تعداد ریکارڈ سطح کے قریب ہے اور ابوظہبی کو پہلے سے زیادہ عالمی شہروں سے جوڑ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف رواں ہفتے چار نئے روٹس کا آغاز اور پانچ موسمی روٹس کی بحالی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایئرلائن کے نیٹ ورک میں مانگ مسلسل بڑھ رہی ہے اور ترقی کی رفتار تیز تر ہو رہی ہے۔

انتونوالدو نیویس نے کہا کہ سمر سیزن کے عروج میں داخل ہوتے ہوئے اتحاد ایئرویز اپنا اب تک کا سب سے جامع اور وسیع سمر پروگرام پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23 اضافی طیاروں اور دنیا بھر سے مضبوط مانگ کی بدولت ایئرلائن اعتماد کے ساتھ اپنے نیٹ ورک کو وسعت دے رہی ہے، گنجائش میں اضافہ کر رہی ہے اور ابوظہبی آنے والے سیاحوں کی تعداد بڑھا رہی ہے۔

بڑھتی ہوئی سیاحتی مانگ کو پورا کرنے اور ابوظہبی کے سفر کو مزید آسان بنانے کے لیے اتحاد ایئرویز اور محکمہ ثقافت و سیاحت ابوظہبی نے بین الاقوامی مسافروں کے لیے مفت طبی سفری انشورنس متعارف کرانے کا اعلان بھی کیا ہے۔

جولائی سے دسمبر 2026 تک دستیاب اس سہولت کا انتظام نیشنل انشورنس کمپنی "ضمان" کرے گی۔ اس کے تحت اہل مسافروں کو متحدہ عرب امارات میں 15 روز تک طبی انشورنس کوریج فراہم کی جائے گی۔ یہ سہولت اتحاد ایئرویز کے اسٹاپ اوور پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے مسافروں کو بھی حاصل ہوگی، جو ٹرانزٹ سفر کو مختصر تعطیلات میں تبدیل کرکے ابوظہبی آنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ کر رہا ہے۔

اتحاد ایئرویز کے مطابق نئے روٹس اس کے بڑھتے ہوئے عالمی نیٹ ورک کی وسعت کی عکاسی کرتے ہیں۔ کراکوف یورپ کے اہم ثقافتی مراکز میں شمار ہوتا ہے، جبکہ پالما دے میورکا کے ذریعے ابوظہبی کو پہلی بار جزائرِ بیلیئرک سے براہِ راست فضائی رابطہ حاصل ہوا ہے۔ دمشق کے روٹ سے علاقائی رابطوں کو مزید مضبوطی ملے گی، جبکہ زنجبار کے اضافے سے بحرِ ہند کے مقبول ترین سیاحتی مقامات میں سے ایک ایئرلائن کے نیٹ ورک کا حصہ بن گیا ہے۔

ایئرلائن کے مطابق نئے روٹس کا آغاز اس کی عالمی موجودگی کو مزید وسعت دینے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ یہ توسیع اہم عالمی منڈیوں میں بڑھتی ہوئیمانگ کے مطابق کی جا رہی ہے اور اس سے ابوظہبی کے یورپ، مشرق وسطیٰ اور بحرِ ہند کے اہم مقامات کے ساتھ روابط مزید مستحکم ہوں گے، جبکہ دارالحکومت ابوظہبی کی حیثیت ایک متحرک عالمی مرکز کے طور پر مزید مضبوط ہوگی۔