آئی ایم ڈی عالمی مسابقتی درجہ بندی 2026: متحدہ عرب امارات پانچویں نمبر پر، اقتصادی کارکردگی میں عالمی رہنما

دبئی، 18 جون، 2026 (وام) -- نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا ہے کہ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت میں متحدہ عرب امارات اپنی ترقیاتی پیش رفت کو مزید آگے بڑھا رہا ہے اور مختلف شعبوں میں مسابقت اور عمدگی کے عالمی نمونے کے طور پر اپنی پوزیشن مستحکم کر رہا ہے۔

عزت مآب شیخ محمد بن راشد آلمکتوم نے کہا کہ شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت میں متحدہ عرب امارات دنیا کے سب سے زیادہ مسابقتی ممالک میں اپنی جگہ مزید مضبوط بنا رہا ہے۔ آئی ایم ڈی ورلڈ کمپیٹیٹو نیس ایئر بُک 2026 کے مطابق متحدہ عرب امارات مجموعی عالمی درجہ بندی میں پانچویں نمبر پر رہا، جبکہ اقتصادی کارکردگی کے شعبے میں دنیا بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات 21 اشاریوں میں عالمی سطح پر پہلے نمبر پر رہا، جن میں بیوروکریسی، حکومتی پالیسیوں میں لچک، روزگار، بین الاقوامی تجربہ، قومی ثقافت، اقدار کا نظام اور فضائی نقل و حمل کا معیار نمایاں ہیں۔

نائب صدر نے کہا کہ یہ کامیابیاں ایک واضح قومی وژن، مضبوط اداروں اور مختلف شعبوں میں کام کرنے والی ان ٹیموں کی مرہونِ منت ہیں جو مسلسل اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے لیے مسابقت محض درجہ بندی حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ ایک معیار ہے جسے ملک روزانہ کی بنیاد پر قائم رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہی معیار عوام کے معیارِ زندگی کو بلند کرتا ہے، عالمی اعتماد کو مضبوط بناتا ہے اور اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ متحدہ عرب امارات مزید خوشحالی اور عالمی قیادت کی جانب مسلسل پیش قدمی کر رہا ہے۔

عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متحدہ عرب امارات سرمایہ کاروں کے لیے پسندیدہ منزل، عالمی صلاحیتوں اور باصلاحیت افراد کے لیے پرکشش مرکز اور کاروباری شخصیات و جدت طرازوں کے لیے ایک حقیقی شراکت دار کے طور پر اپنی حیثیت مزید مضبوط بناتا رہے گا۔

سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزان میں قائم انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار مینجمنٹ ڈویلپمنٹ (آئی ایم ڈی) کے ورلڈ کمپیٹیٹو نیس سینٹر کی جانب سے جاری کردہ ’’آئی ایم ڈی ورلڈ کمپیٹیٹو نیس ایئر بُک 2026‘‘ کے مطابق متحدہ عرب امارات 118 اشاریوں میں عالمی ٹاپ 10 ممالک میں شامل رہا، جبکہ 67 اہم اشاریوں اور ذیلی عوامل میں دنیا کے پہلے پانچ ممالک میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔

رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات مصنوعی ذہانت پر شہریوں کے اعتماد، نئی کمپنیوں کے قیام، پارلیمان میں خواتین کی نمائندگی اور شہروں کے انتظام و انصرام کے اشاریوں میں عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر رہا۔

اسی طرح ملک نے عالمی تشخص و برانڈنگ، مصنوعی ذہانت تک معاشرتی رسائی، سیاحتی آمدنی، اشیا کی برآمدات اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ حکومتی کارکردگی، مصنوعی ذہانت میں کمپنیوں کی سرمایہ کاری اور قانونی و ضابطہ جاتی فریم ورک میں چوتھے نمبر پر رہا۔

نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے لیبر مارکیٹ، جدت طرازی، ڈیجیٹل تبدیلی، بنیادی ڈھانچے، تعلیم اور حکومتی پالیسی کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے، جس سے علاقائی اور عالمی سطح پر اس کی مسابقتی حیثیت مزید مضبوط ہوئی ہے۔

آئی ایم ڈی ورلڈ کمپیٹیٹو نیس ایئر بُک کو قومی مسابقت کا جائزہ لینے کے لیے دنیا کے معتبر ترین حوالہ جاتی مطالعات میں شمار کیا جاتا ہے۔ 2026 کے ایڈیشن میں 70 معیشتوں کا احاطہ کیا گیا ہے اور اس میں شماریاتی اعداد و شمار اور عالمی کاروباری برادری کے سروے کی بنیاد پر یہ جانچا جاتا ہے کہ ممالک اپنے وسائل کو کس حد تک مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے پائیدار خوشحالی حاصل کر رہے ہیں۔

یہ درجہ بندی چار بنیادی ستونوں پر مشتمل ہے، جن میں اقتصادی کارکردگی، حکومتی کارکردگی، کاروباری کارکردگی اور بنیادی ڈھانچہ شامل ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 20 ذیلی عوامل اور 342 مسابقتی اشاریوں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔