بیجنگ، 21 جون، 2026 (وام) -- متحدہ عرب امارات نے بیجنگ بین الاقوامی کتاب میلہ 2026 میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے اپنی نمایاں اور تاریخی شرکت کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی۔ 17 سے 21 جون تک چائنا نیشنل کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والے اس میلے میں 82 ممالک کے 1,700 سے زائد اداروں نے شرکت کی، جبکہ زائرین کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
متحدہ عرب امارات کی شرکت کا مرکزی محور ’’البیت الاماراتی‘‘ (اماراتی ہاؤس) تھا، جس نے زائرین کو ایک جامع ثقافتی تجربہ فراہم کیا۔ پویلین میں اماراتی ادب، اشاعتی شعبے، قومی ورثے، جدت طرازی اور ثقافتی و تخلیقی صنعتوں کی جھلک پیش کی گئی۔
اماراتی پویلین میں 30 قومی اداروں نے شرکت کی اور 469 سے زائد اشاعتیں نمائش کے لیے پیش کی گئیں، جس سے عالمی سطح پر ثقافت، تخلیقی صلاحیتوں اور علمی تبادلے کے مرکز کے طور پر متحدہ عرب امارات کی حیثیت مزید اجاگر ہوئی۔
میلے کے دوران اماراتی پویلین میں 140 سے زائد ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں العیالہ اور الشیلہ کی روایتی پرفارمنسز، مہندی آرٹ، کافی ہاؤس، السدو بُنائی اور اماراتی کھانوں کی نمائش شامل تھی۔ اس کے علاوہ 23 مذاکرے، دو نئی کتابوں کی رونمائی، دو کتابوں کی تقریبِ دستخط، فنی پروگرام، ورکشاپس اور متعدد انٹرایکٹو سرگرمیاں بھی منعقد ہوئیں۔
یہ سرگرمیاں اماراتی ثقافتی منظرنامے کے تنوع کی عکاس تھیں اور عالمی ثقافتی مکالمے میں متحدہ عرب امارات کے بڑھتے ہوئے کردار کو نمایاں کرتی ہیں۔
اماراتی شرکت کی ایک اہم کامیابی متحدہ عرب امارات یونیورسٹی کے کالج آف ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسر محمد بن ہویدین کو ’’چائنا اسپیشل بک ایوارڈ‘‘ کے 19ویں ایڈیشن سے نوازا جانا تھا۔ انہیں چین اور عرب دنیا کے درمیان علمی، ثقافتی اور فکری روابط کے فروغ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا۔
'البیت الاماراتی' میں قائم بچوں کے خصوصی گوشے نے بھی غیر معمولی توجہ حاصل کی، جہاں نمائش کے دوران دو ہزار سے زائد بچوں اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ اس دوران 75 سے زائد کہانی گوئی کی نشستیں منعقد کی گئیں، جبکہ متعدد تعلیمی اور انٹرایکٹو سرگرمیوں کے ذریعے بچوں میں مطالعے کے شوق کو فروغ دینے اور انہیں اماراتی ثقافت سے متعارف کرانے کی کوشش کی گئی۔
متحدہ عرب امارات کا ثقافتی پروگرام نمائش گاہ تک محدود نہیں رہا بلکہ بیجنگ کے چار نمایاں تجارتی مراکز میں العیالہ کے خصوصی مظاہرے بھی پیش کیے گئے، جنہوں نے ہزاروں چینی شہریوں کو متحدہ عرب امارات کے غیر مادی ثقافتی ورثے سے روشناس کرایا۔
نمائش کے اختتام پر کیے گئے سروے کے نتائج کے مطابق ’’البیت الاماراتی‘‘ کے 98 فیصد زائرین نے اپنے تجربے کو مثبت قرار دیا، جبکہ 95.6 فیصد شرکاء نے کہا کہ اس شرکت سے متحدہ عرب امارات اور اس کی ثقافت کے بارے میں ان کے علم میں اضافہ ہوا۔
بیجنگ بین الاقوامی کتاب میلے 2026 میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے متحدہ عرب امارات کی شرکت کو چین اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بڑھتی ہوئی ثقافتی شراکت داری میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس سے اشاعت، تعلیم، ترجمہ، جدت طرازی اور تخلیقی صنعتوں کے شعبوں میں نئی شراکت داریوں کی راہ ہموار ہوئی ہے۔