دبئی، 22 جون، 2026 (وام) -- وزارتِ انسانی وسائل و ایمریٹائزیشن نے نجی شعبے کی ان کمپنیوں کو یاددہانی کرائی ہے جن میں 50 یا اس سے زیادہ ملازمین کام کرتے ہیں کہ 2026 کی پہلی ششماہی کے لیے ایمریٹائزیشن اہداف پورے کرنے کی آخری تاریخ 30 جون ہے۔
وزارت کے مطابق ایمریٹائزیشن پروگرام کے تحت متعلقہ کمپنیوں کے لیے لازم ہے کہ وہ ہنر مند ملازمتوں میں اماراتی شہریوں کی تعداد میں سالانہ 2 فیصد اضافہ کریں۔ اس میں سے ایک فیصد اضافہ سال کی پہلی ششماہی اور باقی ایک فیصد دوسری ششماہی میں مکمل کیا جانا ضروری ہے۔
وزارت نے کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ 'نافس' پلیٹ فارم سے استفادہ کریں، جہاں مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے اہل اماراتی امیدواروں کا وسیع ڈیٹا بیس دستیاب ہے۔
وزارت نے کہا کہ ایمریٹائزیشن کی پالیسیاں متحدہ عرب امارات کے اقتصادی اہداف اور مستقبل کی ترقیاتی حکمت عملیوں کے حصول کا بنیادی ستون ہیں اور یہ قومی ترجیحات میں شامل رہیں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری ایمریٹائزیشن پالیسیوں کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، جو مسابقت، پائیدار اقتصادی ترقی اور قومی افرادی قوت کی لیبر مارکیٹ میں مؤثر شمولیت کو فروغ دیتی ہے۔
وزارت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ملک میں جاری اقتصادی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں میں توسیع کے پیشِ نظر کمپنیاں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
ایمریٹائزیشن کے شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں کو مختلف مراعات بدستور حاصل رہیں گی، جن میں 'ایمریٹائزیشن پارٹنرز کلب' کی رکنیت بھی شامل ہے۔ اس کے تحت وزارت کی خدمات کی فیس میں 80 فیصد تک رعایت اور سرکاری خریداری کے مواقع تک ترجیحی رسائی فراہم کی جاتی ہے۔
وزارت نے خبردار کیا کہ یکم جولائی 2026 سے ان کمپنیوں پر مالی جرمانے عائد کیے جائیں گے جو مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہیں گی۔ جرمانے کی مالیت ہر اس اسامی کے لیے 10 ہزار درہم ماہانہ (سالانہ 1 لاکھ 20 ہزار درہم) ہوگی جو کسی اماراتی شہری سے پُر نہیں کی جائے گی۔
وزارت نےایمریٹائزیشن اہداف میں ہیرا پھیری یا جعلی ایمریٹائزیشن کے طریقوں سے گریز کرنے کی بھی تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کو لیبر مارکیٹ کی سنگین خلاف ورزی تصور کیا جاتا ہے۔
وزارت کے مطابق اس کے جدید ڈیجیٹل اور فیلڈ انسپیکشن نظام کے ذریعے خلاف ورزیوں کا سراغ لگانے کی مکمل صلاحیت موجود ہے اور قانون کے مطابق ایسے معاملات کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزارت نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع اس کے کال سینٹر 600590000، موبائل ایپلیکیشن یا سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے دیں۔