دیوا کے ’’گرین چارجر‘‘ اقدام سے دبئی میں 2,223 ای وی چارجنگ اسٹیشن فعال

دبئی، 23 جون، 2026 (وام) -- دبئی الیکٹریسٹی اینڈ واٹر اتھارٹی (دیوا) کے ’’گرین چارجر‘‘ اقدام کے تحت برقی گاڑیوں (ای وی) کی چارجنگ سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو دبئی میں ماحول دوست گاڑیوں کے بڑھتے ہوئے استعمال کی عکاسی کرتا ہے۔

دیوا کے مطابق 2014 میں اس اقدام کے آغاز سے اب تک 62 ہزار میگاواٹ گھنٹے سے زائد بجلی فراہم کی جا چکی ہے، جس کے نتیجے میں برقی گاڑیوں نے مجموعی طور پر 31 کروڑ کلومیٹر سے زیادہ سفر طے کیا۔ یہ سہولت انتہائی تیز رفتار، تیز رفتار، عوامی اور وال باکس چارجرز پر مشتمل وسیع نیٹ ورک کے ذریعے فراہم کی گئی۔

دیوا کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سعید محمد الطائر نے امارات نیوز ایجنسی (وام) کو بتایا کہ ’’گرین چارجر‘‘ اقدام دبئی کو ایک اسمارٹ اور پائیدار شہر بنانے کے وژن کی عملی تعبیر ہے اور توانائی و ٹرانسپورٹ کے شعبوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیوا نے اس اقدام کے آغاز سے ہی بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید اور قابلِ اعتماد چارجنگ انفراسٹرکچر تیار کرنے پر توجہ دی، جس سے افراد اور اداروں کو کم کاربن اخراج والی سفری سہولتیں اپنانے کی ترغیب ملی۔ اس سے کاربن فٹ پرنٹ میں کمی اور معیارِ زندگی میں بہتری آئی ہے۔

سعید الطائر کے مطابق یہ اقدام ’’دبئی کلین انرجی اسٹریٹیجی 2050‘‘ اور ’’دبئی گرین موبیلٹی اسٹریٹیجی 2030‘‘ کے اہداف کی حمایت کرتا ہے، جن کا مقصد ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ اور برقی گاڑیوں کے استعمال میں اضافہ ہے۔ یہ منصوبہ ’’دبئی نیٹ زیرو کاربن ایمیشنز اسٹریٹیجی 2050‘‘ اور ’’یو اے ای نیٹ زیرو بائے 2050‘‘ حکمت عملی میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

دیوا نے برقی گاڑیوں کے لیے چار اقسام کے چارجرز نصب کیے ہیں، جن میں 150 کلوواٹ ڈی سی الٹرا فاسٹ چارجر، 43 کلوواٹ اے سی اور 50 کلوواٹ ڈی سی فاسٹ چارجر، 22 کلوواٹ عوامی چارجر اور 22 کلوواٹ وال باکس چارجر شامل ہیں۔

ادارے کے مطابق دبئی میں اس وقت برقی گاڑیوں کی چارجنگ کے 2,223 اسٹیشنز موجود ہیں، جبکہ ’’گرین چارجر‘‘ اقدام کے رجسٹرڈ صارفین کی تعداد بڑھ کر 23,600 ہو چکی ہے۔

دیوا کے چارجنگ اسٹیشنز دبئی بھر کے اہم مقامات پر چوبیس گھنٹے دستیاب ہیں۔ صارفین انہیں دیوا کی ویب سائٹ، اسمارٹ ایپلی کیشن اور 14 دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے آسانی سے تلاش کر سکتے ہیں۔