متحدہ عرب امارات اور چاڈ کے صدور کی ملاقات، اقتصادی تعاون اور جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے پر پیش رفت کا جائزہ

ابوظہبی، یکم جولائی، 2026 (وام) -- صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے متحدہ عرب امارات کے دورۂ کار پر آئے ہوئے جمہوریہ چاڈ کے صدر مہامت ادریس ڈیبی اٹنو سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے متحدہ عرب امارات اور چاڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، خصوصاً معیشت، تجارت، ترقی اور قابل تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا اور مشترکہ ترقیاتی ترجیحات کے حصول کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ گزشتہ پچاس برس سے زائد عرصے پر محیط دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرتے ہوئے ایسے اقدامات کو آگے بڑھائیں گے، جو پائیدار ترقی، خوشحالی اور دونوں ممالک اور ان کے عوام کی فلاح و بہبود میں معاون ثابت ہوں۔

ملاقات کے دوران متحدہ عرب امارات اور چاڈ کے درمیان جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (سیپا) پر جاری مذاکرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ معاہدے پر دستخط کے بعد دونوں ممالک کے سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ایک مؤثر فریم ورک فراہم ہوگا۔

صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور صدر مہامت ادریس ڈیبی اٹنو نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

اس سے قبل چاڈ کے صدر کی متحدہ عرب امارات آمد پر ابوظہبی کے البطین ایئرپورٹ پر نائب صدر، نائب وزیراعظم اور صدارتی دیوان کے چیئرمین عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان نے ان کا استقبال کیا۔

ملاقات میں صدارتی دیوان برائے خصوصی امور کے نائب چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، متحدہ عرب امارات کے صدر کے مشیر شیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان، وزیر مملکت شیخ شخبوط بن نہیان النہیان، سپریم کونسل برائے قومی سلامتی کے سیکریٹری جنرل علی بن حماد الشامسی، چاڈ میں متحدہ عرب امارات کے سفیر راشد سعید الشامسی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔