مرکزی بینک کا ضوابط کی خلاف ورزی پر غیر ملکی بینک کی برانچ پر 18.2 لاکھ درہم جرمانہ عائد

ابوظہبی، 6 جولائی، 2026 (وام) -- متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے صارفین کے تحفظ سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی پر ملک میں کام کرنے والے ایک غیر ملکی بینک کی برانچ پر 18 لاکھ 20 ہزار درہم کا مالی جرمانہ عائد کیا ہے۔

مرکزی بینک نے بتایا کہ یہ کارروائی وفاقی حکمنامہ قانون نمبر (6) برائے 2025 کے تحت کی گئی، جو مرکزی بینک، مالیاتی اداروں اور سرگرمیوں کے ضابطہ کار اور انشورنس کے کاروبار سے متعلق ہے۔

مرکزی بینک کے مطابق معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ بینک برانچ مقررہ سات روزہ مدت کے اندر لائیبلیٹی لیٹر جاری کرنے میں ناکام رہی، جو مرکزی بینک کے مارکیٹ کنڈکٹ اور صارفین کے تحفظ سے متعلق ضوابط و معیارات کی خلاف ورزی ہے۔

مرکزی بینک نے کہا کہ وہ اپنے نگرانی اور ریگولیٹری اختیارات کے تحت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ تمام بینک، ان کی انتظامیہ اور عملہ ملکی قوانین اور مرکزی بینک کے ضوابط کی مکمل پابندی کریں، تاکہ بینکاری شعبے اور مالیاتی نظام کی شفافیت، دیانت داری اور صارفین کے اعتماد کو برقرار رکھا جا سکے۔