ابوظہبی، 6 جولائی، 2026 (وام) -- نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے مملکتِ مراکش میں دہشت گردی کے ان منصوبوں کی سخت مذمت کی ہے، جنہیں ملک سکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا ہے۔
ان منصوبوں کا مقصد امن و امان کو شدید نقصان پہنچانا، شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنا تھا۔ ان کی منصوبہ بندی داعش کی ساحل (Sahel) شاخ کی لاجسٹک معاونت اور عملی تعاون سے کی گئی تھی۔
عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید نے اس موقع پر مراکش کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی مکمل یکجہتی اور غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای مراکش کی سلامتی، استحکام، شہریوں اور رہائشیوں کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے دہشت گردی کے منصوبے ناکام بنانے اور ملوث عناصر کا سراغ لگانے میں مراکش کے سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، مستعدی اور چوکسی کو سراہا۔
عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید نے ایک بار پھر واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات دہشت گردی، انتہا پسندی اور ریاستوں کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والی ہر قسم کی کارروائی کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے ایسے خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔