اے ڈی ایکس کا چلتی مسافر ٹرین میں دنیا کی پہلی اسٹاک مارکیٹ بیل رنگنگ تقریب منعقد کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم

ابوظہبی، 15 جولائی، 2026 (وام) -- ابوظہبی سیکیورٹیز ایکسچینج (اے ڈی ایکس) گروپ نے دنیا کی پہلی بیل رنگنگ تقریب ایک چلتی ہوئی مسافر ٹرین میں منعقد کر کے عالمی کیپیٹل مارکیٹس کی تاریخ میں نیا سنگ میل قائم کیا ہے۔ اس موقع پر اتحاد ریل کی ابوظہبی سے فجیرہ جانے والی مسافر سروس کو عارضی طور پر اسٹاک مارکیٹ کے ٹریڈنگ ہال میں تبدیل کر دیا گیا۔

یہ منفرد تقریب اے ڈی ایکس کی تیزی سے ترقی کرتی ڈیریویٹو مارکیٹ میں توسیع کے موقع پر منعقد کی گئی۔ حال ہی میں چھ نئے سنگل اسٹاک فیوچرز متعارف کرائے گئے، جس کے بعد اے ڈی ایکس کے ڈیریویٹو مصنوعات کی مجموعی تعداد بڑھ کر 17 فیوچرز پروڈکٹس ہوگئی، جو مجموعی طور پر 50 معاہدوں پر مشتمل ہیں۔ ان مصنوعات کے ذریعے سرمایہ کاروں کو خطرات سے تحفظ اور اپنے سرمایہ کاری پورٹ فولیو کو زیادہ مؤثر انداز میں منظم کرنے کے مزید جدید مواقع حاصل ہوں گے۔

اس موقع پر اتحاد ریل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شادی ملک نے کہا کہ یہ سنگ میل اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ اتحاد ریل متحدہ عرب امارات میں صنعتوں، منڈیوں اور مختلف معاشرتی طبقات کو جوڑنے والے ایک قومی پلیٹ فارم میں تبدیل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ڈی ایکس کے ساتھ اپنی نوعیت کی اس پہلی تقریب کے انعقاد سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جدید بنیادی ڈھانچہ کس طرح نئے اقتصادی روابط پیدا کر سکتا ہے، کیپیٹل مارکیٹس کو کاروباری سرگرمیوں کے زیادہ قریب لا سکتا ہے اور ملکی قیادت کے وژن کے مطابق تعاون اور اقتصادی مواقع کو وسعت دے سکتا ہے۔

اے ڈی ایکس گروپ کے چیئرمین غنام المزروعی کے مطابق یہ تقریب محض مارکیٹ کی ایک کامیابی نہیں بلکہ ایک قومی موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد ریل پر بیل رنگنگ کی روایت منتقل کرنا اس بات کی علامت ہے کہ متحدہ عرب امارات کی کیپیٹل مارکیٹس اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی ایک ہی سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں، جہاں سرمایہ، کمپنیوں اور معاشرے کو ملک بھر میں آپس میں جوڑا جا رہا ہے۔

اے ڈی ایکس گروپ کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر عبداللہ سالم النعیمی نے کہا کہ ڈیریویٹو پلیٹ فارم سرمایہ کاروں اور اداروں کو زیادہ گہرے اور جدید حل فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھ نئے سنگل اسٹاک فیوچرز کے اضافے سے ابوظہبی کی کیپیٹل مارکیٹ میں مسلسل بڑھتی ہوئی طلب کی تصدیق ہوتی ہے اور مارکیٹ تک رسائی بڑھانے اور لیکویڈیٹی میں اضافے کے لیے اے ڈی ایکس کے عزم کو تقویت ملتی ہے۔

ٹریڈنگ فلور سے باہر ایک چلتی ہوئی ٹرین میں اس تقریب کے انعقاد نے ملک کے دو اہم قومی بنیادی ڈھانچوں، یعنی کیپیٹل مارکیٹس اور ریل ٹرانسپورٹ، کے باہمی امتزاج کو نمایاں کیا۔ تقریب نے یہ بھی ظاہر کیا کہ جدت کس طرح سرمایہ کاری کے تجربات کو نئی شکل دے رہی ہے اور کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں اور مواقع کو ملک بھر میں آپس میں جوڑ کر متحدہ عرب امارات کے اقتصادی اہداف کو آگے بڑھا رہی ہے۔

تقریب میں اے ڈی ایکس میں درج ان کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی جن کے ڈیریویٹو معاہدے دستیاب ہیں، جبکہ بروکریج اداروں اور مارکیٹ کے دیگر شرکا بھی موجود تھے۔ یہ علامتی اجتماع ملک کی تمام امارات میں جاری اقتصادی سرگرمی اور ابوظبی کی کیپیٹل مارکیٹ کے جغرافیائی حدود سے آگے بڑھتے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔

سفر کے دوران اے ڈی ایکس، درج شدہ کمپنیوں، بروکرز اور مارکیٹ کے شرکا نے شطرنج کی ایک سرگرمی میں بھی حصہ لیا، جس کے ذریعے سرمایہ کاری پورٹ فولیو کے انتظام میں ڈیریویٹو مصنوعات کے اہم کردار کو واضح کیا گیا۔

یہ سرگرمی شطرنج کے سب سے بااختیار مہرے الوزیر یعنی ملکہ سے متاثر تھی۔ اس کے ذریعے یہ دکھایا گیا کہ ڈیریویٹوز سرمایہ کاروں کو بدلتی ہوئی مارکیٹ کی صورتحال میں زیادہ لچک، درست فیصلوں، تحفظ اور نئے سرمایہ کاری مواقع سے فائدہ اٹھانے میں مدد دیتے ہیں۔

چلتی ٹرین میں افتتاحی گھنٹی بجانے سے لے کر شطرنج کے ذریعے اسٹریٹجک سرمایہ کاری کی اہمیت اجاگر کرنے تک، اے ڈی ایکس سرمایہ کاروں کے ساتھ کیپیٹل مارکیٹس کے رابطے کے طریقوں کو مسلسل نئی شکل دے رہا ہے اور سرمایہ کاری کے مستقبل کو لوگوں کے رہنے، کام کرنے اور سفر کرنے کے مقامات کے مزید قریب لا رہا ہے۔