کاراکاس، 20 جولائی، 2026 (وام)-- متحدہ عرب امارات نے حالیہ دو زلزلوں سے متاثرہ وینزویلا کے لیے ہنگامی امدادی کارروائیوں کے تحت 70 ٹن انسانی امداد اور امدادی سامان روانہ کیا ہے، تاکہ متاثرہ افراد کی فوری ضروریات پوری کرنے اور مقامی امدادی سرگرمیوں میں معاونت فراہم کی جا سکے۔
متحدہ عرب امارات کی امدادی ایجنسی نے ابوظہبی کے سفارت خانے کے تعاون سے امدادی کھیپ وینزویلا روانہ کی، جس میں طبی سامان، خیمے اور عارضی رہائش کا سامان شامل ہے۔ اس امداد کا مقصد بے گھر ہونے والے افراد کو پناہ فراہم کرنا، زخمیوں کے علاج میں مدد دینا اور وینزویلا کی امدادی کوششوں کو تقویت دینا ہے۔
امدادی کھیپ کی وصولی کی تقریب میں متحدہ عرب امارات اور وینزویلا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جن میں ایشیا، مشرق وسطیٰ اور اوشیانا کے لیے وینزویلا کی نائب وزیر آندریا کوراؤ فاریہ اور وزارت صنعت و قومی تجارت کے نائب وزیر برائے صنعتی ترقی و تجارت انڈر رومیرو شامل تھے۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارات کی امدادی ایجنسی کے چیئرمین ڈاکٹر طارق احمد العامری نے کہا کہ قدرتی آفات اور انسانی بحرانوں پر فوری ردعمل دینا متحدہ عرب امارات کی دیرینہ انسانی ہمدردی کی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امدادی سامان بے گھر افراد کی رہائش اور زخمیوں کے علاج کی فوری ضروریات پوری کرنے میں مدد دے گا، جس سے ابتدائی بحالی کے عمل کو تقویت ملے گی اور متاثرین کی مشکلات میں کمی آئے گی۔
وینزویلا کی نائب وزیر صحت الیگزینڈرا جوزفینا ہرنینڈیزکے مطابق وزارت صحت کی ضروریات کے مطابق طبی سامان اور ادویات فراہم کرنے والا متحدہ عرب امارات پہلا ملک ہے۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں فوری امداد اور صحت کے شعبے کی حمایت پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال کے پیش نظر مستقبل میں مزید بین الاقوامی امداد کی ضرورت بھی پیش آ سکتی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی امدادی ایجنسی کے مطابق اس کی ٹیمیں ریاست لا گوائرا کے شدید متاثرہ علاقوں کا مسلسل دورہ کر رہی ہیں تاکہ نقصانات اور انسانی ضروریات کا جائزہ لیا جا سکے۔ ٹیمیں کاراکاس میں خیموں کی تنصیب کے مقامات اور طبی سامان کے گوداموں کا بھی باقاعدگی سے معائنہ کر رہی ہیں، تاکہ امدادی سامان کی تقسیم بین الاقوامی انسانی ہمدردی کے اصولوں کے مطابق یقینی بنائی جا سکے۔