متحدہ عرب امارات اور بھارت کے درمیان مشترکہ قونصلر کمیٹی کا ساتواں اجلاس، قونصلر تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

نئی دہلی، 22 جولائی، 2026 (وام) -- متحدہ عرب امارات اور جمہوریہ بھارت کے درمیان مشترکہ قونصلر کمیٹی کا ساتواں اجلاس نئی دہلی میں منعقد ہوا، جس میں دونوں دوست ممالک کے درمیان قونصلر تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

متحدہ عرب امارات کے وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے انڈر سیکریٹری عمر عبید الحسین الشامسی نے کی، جبکہ بھارتی وفد کی سربراہی وزارت خارجہ میں قونصلر، پاسپورٹ، ویزا اور اوورسیز انڈین امور کی سیکریٹری سری پریہ رنگناتھن نے کی۔

اجلاس کے آغاز میں عمر عبید الحسین الشامسی نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کی جانب سے بھارتی قیادت کے لیے نیک تمناؤں اور اجلاس کی کامیابی کے پیغام کے ساتھ جمہوریہ بھارت اور اس کی عوام کی مزید ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور بھارت کے درمیان گہری اور جامع اسٹریٹجک شراکت داری قائم ہے، جس نے حالیہ برسوں میں سیاسی، اقتصادی، ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں اور جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (سیپا) نے دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں، جس سے دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کو فروغ ملا ہے۔

عمر عبید الحسین الشامسی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کی عوام کے درمیان مضبوط روابط دوطرفہ تعلقات کا اہم ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی برادری متحدہ عرب امارات کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ سیاحت، تعلیم اور علاج کی غرض سے بھارت جانے والے اماراتی شہریوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

اجلاس کے دوران فریقین نے ابوظہبی میں منعقدہ گزشتہ اجلاس کے بعد ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور مختلف قونصلر امور میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس میں قونصلر خدمات کو بہتر بنانے، تجربات اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے، جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ اور بالخصوص تعلیمی اسناد کی تصدیق کے شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو آگے بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی۔

دونوں ممالک نے کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد، قریبی رابطے، باہمی ہم آہنگی اور مشترکہ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، تاکہ دوطرفہ قونصلر تعاون مزید مستحکم ہو، دونوں ممالک کے شہریوں کی توقعات پوری کی جا سکیں اور انہیں فراہم کی جانے والی قونصلر خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔