فجیرہ میں دو نئے کثیر المقاصد کنٹینر ٹرمینلز قائم ہوں گے، ڈی پی ورلڈ اور فجیرہ پورٹس اتھارٹی کے درمیان 50 سالہ معاہدہ

فجیرہ، 22 جولائی، 2026 (وام) -- فجیرہ کے ولی عہد عزت مآب شیخ محمد بن حمد بن محمد الشرقی نے ڈی پی ورلڈ اور فجیرہ پورٹس اتھارٹی کے درمیان دو کثیر المقاصد کنٹینر ٹرمینلز کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔

تقریب میں ڈی پی ورلڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین عیسیٰ کاظم اور فجیرہ پورٹ کے ڈائریکٹر موسیٰ مراد بھی موجود تھے۔

50 سالہ رعایتی معاہدے کے تحت الرقیلات کنٹینر ٹرمینل اور دبا الفجیرہ پورٹ کو ترقی دی جائے گی۔

ولی عہد فجیرہ نے کہا کہ فجیرہ پورٹس اتھارٹی اور ڈی پی ورلڈ کے درمیان یہ ابتدائی معاہدہ ایک اہم اسٹریٹجک پیش رفت ہے، جو سپریم کونسل کے رکن اور فجیرہ کے حکمران عزت مآب شیخ حمد بن محمد الشرقی کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے کہ فجیرہ کو عالمی بحری اور لاجسٹکس مرکز کے طور پر مزید مستحکم بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ فجیرہ کے اقتصادی ڈھانچے میں نمایاں اضافہ کرے گا، معیاری سرمایہ کاری کو فروغ دے گا، سپلائی چین کی کارکردگی بہتر بنائے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول، عالمی تجارت میں متحدہ عرب امارات کی مسابقت بڑھانے اور مستقبل کے قومی وژن کی تکمیل میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

الرقیلات ٹرمینل سالانہ 25 لاکھ ٹی ای یو (TEUs) کنٹینرز، 17 لاکھ ٹن جنرل کارگو اور 1 لاکھ 90 ہزار کار ایکویولنٹ یونٹس (CEUs) سنبھالنے کی صلاحیت رکھے گا، جبکہ دبا الفجیرہ پورٹ سالانہ 36 لاکھ ٹن جنرل کارگو کی اضافی استعداد فراہم کرے گا۔

یہ نئے ٹرمینلز عالمی بحری مرکز کے طور پر فجیرہ کے بڑھتے ہوئے کردار کو مزید تقویت دیں گے۔ خلیج عمان پر واقع فجیرہ بحری خدمات کے ایک نمایاں عالمی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، جبکہ بندرگاہوں اور لاجسٹکس زون کی ترقی سے مزید سرمایہ کاری، روزگار اور طویل مدتی اقتصادی مواقع پیدا ہوں گے۔

منصوبہ مکمل ہونے کے بعد متحدہ عرب امارات میں ڈی پی ورلڈ کی مجموعی کنٹینر ہینڈلنگ صلاحیت 1 کروڑ 94 لاکھ ٹی ای یو سے بڑھ کر تقریباً 2 کروڑ 20 لاکھ ٹی ای یو ہو جائے گی، جبکہ جنرل کارگو اور رو-رو (Ro-Ro) خدمات کی استعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔

ڈی پی ورلڈ کے اندرونِ ملک لاجسٹکس نیٹ ورک کے ذریعے جبل علی سے منسلک یہ نئے ٹرمینلز جافزا کے ساتھ مربوط ہوں گے، جس سے کمپنی کی مربوط سپلائی چین خدمات پورے متحدہ عرب امارات تک وسیع ہو جائیں گی اور صارفین کو بندرگاہوں، لاجسٹکس مراکز اور منڈیوں کے درمیان سامان کی زیادہ مؤثر ترسیل ممکن ہو سکے گی۔

اس منصوبے پر مرحلہ وار کام کیا جائے گا، جبکہ تعمیراتی سرگرمیاں شروع ہونے کے بعد اسے مکمل ہونے میں تقریباً 24 سے 30 ماہ لگیں گے۔

اس موقع پر فجیرہ پورٹس اتھارٹی کے چیئرمین عزت مآب شیخ صالح بن محمد الشرقی نے کہا کہ ڈی پی ورلڈ کے ساتھ شراکت داری فجیرہ کی علاقائی بحری مرکز کے طور پر ترقی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ الرقیلات اور دبا ٹرمینلز عالمی معیار کی آپریشنل صلاحیت، وسیع استعداد اور نئی سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے، جس سے صارفین، مقامی برادری اور ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔

ڈی پی ورلڈ کے چیئرمین عیسیٰ کاظم نے کہا کہ گزشتہ چار دہائیوں سے متحدہ عرب امارات ڈی پی ورلڈ کی ترقی کا مرکز رہا ہے اور یہ سرمایہ کاری ملک کو عالمی تجارت اور لاجسٹکس کے نمایاں مرکز کے طور پر کمپنی کے اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جبل علی کی کامیابی کی بنیاد پر یہ منصوبہ متحدہ عرب امارات سے کمپنی کے طویل مدتی عزم کو مزید مضبوط بنائے گا۔

فجیرہ پورٹس اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر کیپٹن موسیٰ مراد نے کہا کہ اس منصوبے سے فجیرہ کی بندرگاہی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا اور کارگو مالکان و لاجسٹکس صارفین کو مزید بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فجیرہ کے تزویراتی محلِ وقوع اور ڈی پی ورلڈ کی آپریشنل مہارت کو یکجا کر کے جدید، مؤثر اور عالمی معیار کے ٹرمینلز قائم کیے جائیں گے، جو علاقائی تجارت اور رابطوں کو مزید فروغ دیں گے۔

ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر یوراج نارائن نے کہا کہ فجیرہ کی یہ توسیع جبل علی کی موجودہ صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنائے گی اور متحدہ عرب امارات سمیت عالمی سپلائی چین میں سامان کی نقل و حرکت کے لیے ایک مربوط پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جبل علی کی زیادہ آپریشنل مصروفیت کے پیش نظر یہ منصوبہ مستقبل کی طویل مدتی ترقی کے لیے اضافی استعداد مہیا کرے گا، جس سے صارفین کو زیادہ لچک، مزید انتخاب اور مضبوط سپلائی چین کی سہولت حاصل ہوگی۔