ابوظہبی، 23 جولائی، 2026 (وام) -- متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایات پر متحدہ عرب امارات نے یو اے ای ایڈ ایجنسی کے ذریعے جمہوریہ گھانا میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ہنگامی انسانی امدادی کارروائی کا آغاز کیا ہے۔
شدید سیلاب کے نتیجے میں متعدد افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، جس سے ہزاروں خاندان متاثر ہوئے۔
متحدہ عرب امارات کا یہ اقدام قدرتی آفات اور انسانی ہمدردی کے بحرانوں سے متاثرہ ممالک اور عوام کی معاونت کے حوالے سے اس کے دیرینہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ سیلاب سے 21 ہزار 367 خاندانوں کے 1 لاکھ 31 ہزار 825 افراد متاثر ہوئے، 38 ہزار 651 افراد بے گھر ہوئے، جبکہ 45 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
یو اے ای ایڈ ایجنسی کے چیئرمین ڈاکٹر طارق احمد العامری نے کہا کہ متحدہ عرب امارات قدرتی آفات اور انسانی ہمدردی کے بحرانوں کے دوران فوری ہنگامی امداد کی فراہمی کے اپنے عالمی عزم پر قائم ہے، جس کی تازہ مثال گھانا میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی کارروائیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی امدادی سرگرمیوں میں متاثرین کو ضروری غذائی اشیا اور عارضی رہائش کا سامان فراہم کرنا شامل ہے، جبکہ گھانا کی حکومت کی امدادی کارروائیوں میں بھی معاونت کی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر العامری نے بتایا کہ یو اے ای ایڈ ایجنسی کی ٹیمیں گھانا میں مقامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر سب سے زیادہ متاثرہ اور ضرورت مند خاندانوں تک امداد پہنچانے، خوراک اور رہائش کی بنیادی ضروریات فراہم کرنے اور ابتدائی بحالی و استحکام کی کوششوں میں تعاون کر رہی ہیں۔
متحدہ عرب امارات اس سے قبل بھی شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب پر جمہوریہ گھانا کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کر چکا ہے۔ اس موقع پر متاثرین کے اہل خانہ، حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا گیا تھا۔