ابوظہبی، 30 جولائی، 2026 (وام) -- ابوظہبی نیشنل انرجی کمپنی پی جے ایس سی (طاقہ) نے جمعرات کو پائیدار پانی اور گندے پانی کے انتظام سے متعلق منصوبوں کی مالی معاونت کے لیے 750 ملین امریکی ڈالر مالیت کا بلیو بانڈ کامیابی سے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ دنیا بھر میں کسی مربوط بجلی اور پانی کی یوٹیلٹی کمپنی کی جانب سے جاری کیا جانے والا سب سے بڑا بلیو بانڈ ہے، جبکہ یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ کے خطے میں بھی یہ اپنی نوعیت کا اب تک کا سب سے بڑا اجرا ہے۔

پانچ سالہ مدت کا یہ بانڈ پرائیویٹ پلیسمنٹ کی بنیاد پر جاری کیا گیا، جس میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک واحد پلیسمنٹ ایجنٹ تھا۔ اس اجرا کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔

بانڈ پر 5.125 فیصد سالانہ منافع مقرر کیا گیا ہے۔ اسے لندن اسٹاک ایکسچینج کے انٹرنیشنل سیکیورٹیز مارکیٹ میں فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ موڈیز نے اسے Aa3 اور فِچ نے AA کی درجہ بندی دی ہے، جو طاقہ کی کارپوریٹ کریڈٹ ریٹنگ کے مطابق ہے۔

یہ اجرا طاقہ کے گرین اینڈ بلیو فنانس فریم ورک کے تحت جاری ہونے والا پہلا بلیو بانڈ ہے۔ کمپنی نے رواں سال اس فریم ورک کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے بلیو فنانسنگ کے آلات اور گرین گرڈز و موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت رکھنے والے منصوبوں کو بھی اس میں شامل کیا تھا۔

موڈیز نے اس فریم ورک پر سیکنڈ پارٹی اوپینین جاری کرتے ہوئے اسے SQS2 (بہت اچھا) پائیداری معیار دیا ہے۔ بانڈ سے حاصل ہونے والی خالص رقم فریم ورک کے مطابق قابلِ قبول بلیو منصوبوں کی مالی معاونت یا ری فنانسنگ کے لیے استعمال کی جائے گی۔

سال 2023 میں گرین فنانس فریم ورک متعارف کرانے کے بعد سے طاقہ اب تک مجموعی طور پر 2.6 ارب امریکی ڈالر مالیت کے گرین اور بلیو بانڈز جاری کر چکی ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ 2021 میں اپنے "2030 وژن برائے پائیدار اور منافع بخش ترقی" کے آغاز سے لے کر 2025 کے اختتام تک یوٹیلٹی سیکٹر میں توانائی کی منتقلی سے متعلق منصوبوں پر تقریباً 10 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے۔

طاقہ کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر اور منیجنگ ڈائریکٹر جاسم حسین ثابت نے کہا کہ پانی کی قلت آج کے دور کے سب سے بڑے عالمی چیلنجز میں سے ایک ہے، تاہم اس شعبے کو اس کی اہمیت کے مطابق مالی وسائل فراہم نہیں کیے جا رہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے انتہائی پانی کی قلت والے خطوں میں کام کرنے والی ایک مربوط بجلی اور پانی کی یوٹیلٹی کمپنی ہونے کے ناطے طاقہ پانی کی پوری ویلیو چین میں سرمایہ کاری کر رہی ہے، جس میں سمندری پانی کو میٹھا بنانے (ڈی سیلینیشن)، پانی کی ترسیل و تقسیم، گندے پانی کی صفائی اور دوبارہ استعمال جیسے منصوبے شامل ہیں، تاکہ آبی نظام پر بڑھتے ہوئے دباؤ سے نمٹا جا سکے۔

جاسم حسین ثابت نے کہا کہ یہ بانڈ طاقہ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے اور ابوظہبی کی انٹیگریٹڈ واٹر سیکٹر اسٹریٹجی اور کلائمیٹ چینج ایڈاپٹیشن پلان سے ہم آہنگ ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ، "اس اجرا میں سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی طاقہ کی طویل مدتی حکمت عملی، مضبوط مالی بنیادوں اور ہماری جانب سے تیار اور چلائے جانے والے بنیادی ڈھانچے پر اعتماد کا اظہار ہے۔ پانی کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر ہم ایسے قابلِ اعتماد اور پائیدار حل فراہم کرنے پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں جو آنے والی دہائیوں تک آبی تحفظ کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔"

طاقہ نے کہا کہ پائیداری اس کی کارپوریٹ حکمت عملی کا بنیادی جزو ہے، اسی لیے کمپنی کم کاربن بجلی، پائیدار آبی حل اور مضبوط بنیادی ڈھانچے میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہے، تاکہ توانائی کی منتقلی کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے لاکھوں صارفین کو محفوظ اور قابلِ اعتماد بجلی اور پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔