دبئی، 5 اگست 2026 (وام)۔۔ ایمریٹس اور ساؤتھ افریقن ایئرویز نے بدھ کو اپنی کوڈ شیئر شراکت داری میں توسیع کا اعلان کیا، جس کے تحت دونوں فضائی کمپنیوں کے درمیان دوطرفہ کوڈ شیئر معاہدے کا آغاز اور 9 مزید شہروں تک رسائی ممکن ہوگی۔

توسیع شدہ شراکت داری سے وسطی اور جنوبی افریقہ میں مزید مقامات تک فضائی رابطے آسان ہوں گے اور مسافروں کو سفر کے زیادہ انتخاب میسر آئیں گے۔

کوڈ شیئر معاہدے کے آغاز سے اب تک دونوں فضائی کمپنیاں یکطرفہ بنیاد پر تعاون کررہی تھیں۔ ساؤتھ افریقن ایئرویز دبئی سے جوہانسبرگ، کیپ ٹاؤن اور ڈربن کے لیے ایمریٹس کی پروازوں پر اپنا کوڈ استعمال کررہی تھی، جبکہ دبئی کے راستے دنیا بھر میں ایمریٹس کے 68 مقامات تک انٹرلائن رسائی بھی فراہم کی جارہی تھی۔

متعلقہ اداروں کی منظوری کے بعد نئے معاہدے کے تحت ایمریٹس اب ساؤتھ افریقن ایئرویز کی پروازوں پر بھی اپنا کوڈ استعمال کرے گی، جس سے اس کا نیٹ ورک جنوبی افریقہ اور پڑوسی ممالک کے مزید مقامات تک وسیع ہوگا۔

توسیع میں 9 نئے روٹس شامل ہیں۔ ان میں جنوبی افریقہ کے اندر جوہانسبرگ کو کیپ ٹاؤن، ڈربن اور پورٹ الزبتھ سے ملانے والے 3 روٹس کے علاوہ 6 علاقائی روٹس شامل ہیں۔

علاقائی روٹس جوہانسبرگ کو جمہوریہ کانگو کے شہر کنشاسا، بوٹسوانا کے شہر گابورون، نمیبیا کے شہر ونڈہوک، زیمبیا کے شہر لوساکا اور زمبابوے کے شہروں ہرارے اور وکٹوریہ فالز سے ملائیں گے۔

ایمریٹس کے ڈپٹی پریذیڈنٹ اور چیف کمرشل آفیسر عدنان کاظم نے کہا کہ ساؤتھ افریقن ایئرویز کے ساتھ دوطرفہ کوڈ شیئر شراکت داری دونوں کمپنیوں کے دیرینہ تعلقات میں فطری پیش رفت ہے۔ ساؤتھ افریقن ایئرویز کے ملکی اور علاقائی نیٹ ورک پر ایمریٹس کا کوڈ شامل ہونے سے مسافروں کو جنوبی افریقہ اور پڑوسی ممالک کے مختلف مقامات تک آسان اور مربوط رسائی حاصل ہوگی۔

ساؤتھ افریقن ایئرویز کے قائم مقام گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر ماتشیلا سیشیبے نے کہا کہ شراکت داری میں توسیع افریقہ میں فضائی رابطے مضبوط بنانے اور عالمی منڈیوں تک رسائی بہتر کرنے کی کمپنی کی حکمت عملی میں اہم سنگ میل ہے۔ دوطرفہ کوڈ شیئر معاہدے سے مسافروں کو دونوں فضائی کمپنیوں کے مشترکہ نیٹ ورک پر زیادہ آسان سفر اور وسیع انتخاب میسر آئے گا۔

ایمریٹس نے 1995 میں جوہانسبرگ کے لیے اپنی پہلی پرواز کے ساتھ جنوبی افریقہ میں فضائی خدمات کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد فضائی کمپنی نے اپنی پروازوں اور آپریشنز میں توسیع کرتے ہوئے کیپ ٹاؤن اور ڈربن کو بھی نیٹ ورک میں شامل کیا اور جنوبی افریقہ آنے اور وہاں سے روانہ ہونے والے 2 کروڑ سے زیادہ مسافروں کو خدمات فراہم کیں۔

ایمریٹس اس وقت جوہانسبرگ، کیپ ٹاؤن اور ڈربن کے لیے مجموعی طور پر ہفتہ وار 56 پروازیں چلارہی ہے۔