دبئی، 6 اگست 2026 (وام)۔۔ وزارت انسانی وسائل و ایمریٹائزیشن نے کہا ہے کہ اس کے لیبر کلیمز اینڈ ایڈوائزری سینٹر 80084 نے 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران 3.4 ملین سے زیادہ کالز پر کارروائی کی۔ ان میں 1.119 ملین سے زائد موصولہ اور 2.3 ملین سے زیادہ کی جانے والی کالز شامل تھیں۔
یہ اعدادوشمار مرکز کی خدمات پر صارفین کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔ مرکز سوالات کے جواب دینے، خدمات اور طریقہ کار سے متعلق رہنمائی فراہم کرنے اور کارروائیوں کی تیز رفتار تکمیل یقینی بنانے میں بنیادی کردار ادا کررہا ہے۔
وزارت کے شعبہ لیبر ریلیشنز کے ڈائریکٹر احمد القرا نے کہا کہ لیبر کلیمز اینڈ ایڈوائزری سینٹر صارفین کے ساتھ براہِ راست رابطے کے اہم ترین ذرائع میں شامل ہے اور وزارت اس کی مسلسل ترقی میں سرمایہ کاری کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید مصنوعی ذہانت، اسمارٹ تجزیاتی نظام اور مختلف خدماتی ذرائع کے درمیان بہتر رابطے کے ذریعے صارفین کو فوری جواب، درست معلومات اور خدمات تک آسان رسائی فراہم کی جارہی ہے۔
احمد القرا نے کہا کہ صارفین کی آرا اور توقعات کی بنیاد پر خدمات کو مسلسل بہتر بنایا جارہا ہے۔ یہ اقدامات صارف کو اولین ترجیح دینے والی عالمی معیار کی حکومتی خدمات کی فراہمی سے متعلق قیادت کی حکمت عملی اور وزارت کے اہداف کی حمایت کرتے ہیں، جس سے متحدہ عرب امارات میں معیارِ زندگی اور کاروباری سہولت کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔
مرکز صارفین کو روزگار سے متعلق خدمات کے بارے میں معلومات فراہم کرنے، محنت کشوں کی شکایات جمع کرانے اور ڈیجیٹل خدمات کے استعمال میں رہنمائی سمیت جامع معاونت فراہم کرتا ہے۔
مرکز اسمارٹ پلیٹ فارمز کے استعمال کو فروغ دینے کے ساتھ صارفین کو وزارت یا اس کے خدماتی مراکز کا دورہ کیے بغیر کسی بھی وقت براہِ راست آن لائن رابطے کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔
مرکز جدید ڈیجیٹل سہولیات اور مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام کے تحت کام کرتا ہے۔ مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے صارفین کی ضروریات پوری کرنے اور خدمات کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے 22 سے زیادہ زبانوں میں معاونت فراہم کی جاتی ہے۔
وزارت کے ڈیجیٹل ذرائع سے مرکز کے رابطے کے باعث حکومتی خدمات زیادہ مؤثر، لچک دار اور پائیدار ہوئی ہیں۔ مرکز صارفین کے اعدادوشمار اور آرا سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خدمات کو ترقی دینے اور طریقہ کار کو مزید آسان بنانے پر بھی کام کررہا ہے۔