عجمان، 23 اگست 2026 (وام) -- عجمان چیمبر نے رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران 21,324 رکنیتیں ریکارڈ کیں، جن میں 2,681 نئی رکنیتیں شامل ہیں، جبکہ اس عرصے میں جاری کیے گئے سرٹیفکیٹس آف اوریجن کی مالیت 3.9 ارب درہم سے تجاوز کرگئی۔
چیمبر کے مطابق پہلی ششماہی میں مجموعی طور پر 22,422 سرٹیفکیٹس آف اوریجن جاری کیے گئے، جو شہر میں بڑھتی ہوئی اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کی عکاسی کرتے ہیں۔
رکنیت کے اعداد و شمار اور سرٹیفکیٹس آف اوریجن کی مالیت میں اضافہ عجمان چیمبر کی خدمات پر کاروباری برادری کے اعتماد، نجی شعبے کی معاونت اور شہر کی مسابقت اور سرمایہ کاری میں دلچسپی بڑھانے میں اس کے کردار کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ پیش رفت عجمان وژن 2030 کے اہداف سے بھی ہم آہنگ ہے، جس کے تحت اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے مسابقتی کاروباری ماحول اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار مواقع فراہم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
عجمان چیمبر اپنے رکن اداروں کے کاروبار کو پائیدار بنانے اور مقامی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے اپنے پروگرامز اور سہولیات کو مزید متنوع بنا رہا ہے۔ ان میں فراس فار ایکسپورٹ (برآمد مواقع) پلیٹ فارم بھی شامل ہے، جس کے ذریعے اراکین انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر کے ٹریڈ میپ سے منسلک تجارتی اعداد و شمار تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں، جس سے انہیں بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی میں مدد ملتی ہے۔
عجمان چیمبر نے وفاقی اور مقامی حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون اور رابطے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ مشترکہ کوششوں کو مؤثر بنایا جاسکے، کاروباری برادری کو فراہم کی جانے والی خدمات کو مزید بہتر کیا جائے اور نجی شعبے کی ترقی کے لیے سازگار کاروباری ماحول کو فروغ دیا جاسکے۔
چیمبر کے مطابق ان کوششوں کا مقصد کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش مقام کے طور پر عجمان کی حیثیت کو مزید مستحکم کرنا ہے۔