ابوظہبی، 25 اگست 2026 (وام) -- مادرِ امارات، جنرل ویمنز یونین کی چیئرپرسن، سپریم کونسل برائے زچہ و بچہ کی صدر اور فیملی ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن کی سپریم چیئرپرسن عزت مآب شیخہ فاطمہ بنت مبارک نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات اپنی دانشمند قیادت میں اسلامی اقدار اور مضبوط سماجی یکجہتی پر مبنی اپنے مستحکم قومی طرزِ عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ طرزِ عمل انسانی ہمدردی اور سماجی خدمت کی بنیادوں کو مزید مضبوط بناتا ہے اور اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ بھلائی اور پرامن بقائے باہمی کا گہوارہ رہے۔
نبی اکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے بیان میں عزت مآب شیخہ فاطمہ نے کہاکہ، ’’ہم ایمان سے سرشار دلوں کے ساتھ خیرالبشر، خاتم النبیین اور ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کی یاد مناتے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہاکہ، ’’اس بابرکت موقع پر ہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نور اور ہدایت سے بھرپور عظیم سیرت کو عقیدت کے ساتھ یاد کرتے ہیں اور اس سے رحمت، رواداری اور انسانیت کی وہ اعلیٰ اقدار حاصل کرتے ہیں جو آپ نے امت مسلمہ کے دلوں میں راسخ کیں۔‘‘
عزت مآب شیخہ فاطمہ بنت مبارک نے اپنے بیان کے اختتام پر اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ پیارے وطن کی حفاظت فرمائے، اس پر امن، سلامتی اور استحکام کی نعمتیں قائم رکھے اور پوری دنیا کو امن اور ہم آہنگی عطا کرے۔