شیخ عبداللہ بن زاید اور شیخہ مریم بنت محمد بن زاید کا مستقبل کی تشکیل میں اساتذہ کے کلیدی کردار پر زور

شیخ عبداللہ بن زاید اور شیخہ مریم بنت محمد بن زاید کا مستقبل کی تشکیل میں اساتذہ کے کلیدی کردار پر زور

ابوظہبی، 5 اکتوبر 2026 (وام) -- نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ اور تعلیم، انسانی ترقی و کمیونٹی ڈویلپمنٹ کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے نسل در نسل اساتذہ کے دیرپا اثر اور علم و تعلیم کی قدر کو فروغ دینے میں ان کے بنیادی کردار کو اجاگر کیا ہے۔

عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ترقی کے سفر میں اساتذہ نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے اور ان کا اثر ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ نے علم اور سیکھنے کی اہمیت کو راسخ کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ، "عالمی یوم اساتذہ پر ہم ہر اس استاد کے لیے اپنی قدر و تشکر کا اعادہ کرتے ہیں، جس کی لگن نے ایسی نسلوں کی تیاری میں کردار ادا کیا جو ہمارے وطن کی امنگوں کو آگے بڑھاتی ہیں اور اس کے مستقبل کی تشکیل کرتی ہیں۔"

اس موقع پر تعلیم، انسانی ترقی و کمیونٹی ڈویلپمنٹ کونسل کی نائب چیئرپرسن عزت مآب شیخہ مریم بنت محمد بن زاید النہیان نے کہا کہ تعلیم انسانی ترقی کی بنیادی اساس ہے، جو ہر طالب علم کو اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے، انہیں بروئے کار لانے اور ایک پراعتماد، باصلاحیت اور معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے والے فرد کے طور پر آگے بڑھنے کے قابل بناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سفر میں اساتذہ کا کردار تبدیلی لانے والا ہے، کیونکہ وہ نہ صرف علم اور مہارتیں پروان چڑھاتے ہیں بلکہ کردار، اقدار، تجسس، ثابت قدمی اور دوسروں کے لیے ذمہ داری کے احساس کو بھی فروغ دیتے ہیں۔

عزت مآب شیخہ مریم نے کہاکہ، "عالمی یوم اساتذہ پر ہم ان اساتذہ کے دیرپا اثر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو ایسی نسلوں کی تشکیل کرتے ہیں جو اپنی شناخت سے جڑی ہوں، بدلتی ہوئی دنیا کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں اور اپنے معاشروں کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی مسلسل ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔"