مرکزی بینک 8 اکتوبر کو ابوظہبی میں دوسرا کلائمیٹ فورم منعقد کرے گا

مرکزی بینک 8 اکتوبر کو ابوظہبی میں دوسرا کلائمیٹ فورم منعقد کرے گا

ابوظہبی، 5 اکتوبر، 2026 (وام) -- نائب صدر، نائب وزیراعظم، صدارتی دیوان کے چیئرمین اور متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان کی سرپرستی میں مرکزی بینک 8 اکتوبر کو ابوظہبی میں اپنے دوسرے کلائمیٹ فورم کا انعقاد کرے گا۔

فورم میں مرکزی بینکوں، ریگولیٹری اداروں اور مالیاتی اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے، جہاں مالیاتی شعبے کو موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے مزید مضبوط بنانے اور پائیدار معیشت کی جانب منتقلی میں اس کے کردار پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

فورم پائیدار مالیات کے شعبے میں تعاون اور تجربات کے تبادلے کے ساتھ ایسے ضابطہ جاتی فریم ورک اور بینکاری طریقوں پر غور کا پلیٹ فارم فراہم کرے گا، جو مالیاتی اداروں کو موسمیاتی خطرات کے بہتر انتظام اور نیٹ زیرو اہداف کی جانب پیش رفت میں مدد دے سکیں۔

دوسرے ایڈیشن میں موسمیاتی تبدیلی کے اقتصادی اثرات، مختلف شعبوں کے منتقلی منصوبوں اور ان کی مالی معاونت کے طریقوں کے علاوہ اس عمل میں سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری کے کردار پر بھی بات ہوگی۔

فورم میں پائیدار مالیات کی ترجیحات، مالیاتی و ریگولیٹری فیصلوں میں موسمیاتی ڈیٹا کی اہمیت اور موسمیاتی خطرات کے مانیٹری پالیسی اور بینکاری نگرانی پر اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

اس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے مرکزی بینک 9 اکتوبر کو لندن اسکول آف اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس کے سنٹر فار اکنامک ٹرانزیشن ایکسپرٹیز کے تعاون سے اپنی پہلی کلائمیٹ ریسرچ سیمینار کا انعقاد بھی کرے گا۔

سیمینار میں موسمیاتی تبدیلی، پائیدار سرمایہ کاری اور مانیٹری پالیسی سے متعلق تازہ تحقیق کا جائزہ لیا جائے گا، تاکہ مالیاتی و بینکاری پالیسیوں کی تیاری میں تحقیق کے استعمال کو مضبوط بنایا جا سکے۔

دونوں تقریبات متحدہ عرب امارات کے موسمیاتی اہداف کی حمایت، مالیاتی شعبے میں پائیداری کے اصولوں کو فروغ دینے اور ملک کے نیٹ زیرو اہداف کے حصول میں اس شعبے کے کردار کو مضبوط بنانے کی مرکزی بینک کی کوششوں کا حصہ ہیں۔