متحدہ عرب امارات اور یوریشین اکنامک یونین کا اقتصادی شراکت داری معاہدہ نافز، تجارت 2032 تک 50 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع

متحدہ عرب امارات اور یوریشین اکنامک یونین کا اقتصادی شراکت داری معاہدہ نافز، تجارت 2032 تک 50 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع

ابوظہبی، 6 اکتوبر 2026 (وام) -- متحدہ عرب امارات اور یوریشین اکنامک یونین کے درمیان اقتصادی شراکت داری معاہدہ منگل کو باضابطہ طور پر نافذ ہوگیا، جس کے تحت امارات اور آرمینیا، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان اور روس کے درمیان ترجیحی تجارتی فریم ورک قائم ہوگیا ہے۔

معاہدے کا مقصد مختلف مصنوعات پر کسٹمز ڈیوٹیز میں کمی یا خاتمے، تجارتی طریقہ کار کو آسان بنانے اور غیر ضروری رکاوٹوں کو دور کرکے اشیا کی تجارت میں تیزی لانا ہے۔ اس میں کسٹمز تعاون، ای کامرس، اقتصادی تعاون اور بین الاقوامی تجارت میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی شرکت سے متعلق جدید قواعد بھی شامل ہیں۔

نئے تجارتی نظام کے تحت متحدہ عرب امارات اور یوریشین اکنامک یونین کے ممالک 86 فیصد سے زائد ٹیرف لائنز پر ترجیحی رسائی فراہم کریں گے، جو دونوں فریقوں کے درمیان موجودہ اشیا کی تجارت کی مالیت کے تقریباً 96 فیصد پر محیط ہے۔ توقع ہے کہ اس معاہدے سے دونوں مارکیٹوں کے درمیان سالانہ تجارت 2032 تک بڑھ کر تقریباً 50 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔

وزیر خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور یوریشین اکنامک یونین کے اقتصادی شراکت داری معاہدے کا نفاذ مضبوط تجارتی رفتار کو برآمد کنندگان، مینوفیکچررز اور سپلائی چین شراکت داروں کے لیے ایک عملی پلیٹ فارم میں تبدیل کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹ تک بہتر رسائی، کسٹمز طریقہ کار میں آسانی اور واضح و شفاف قواعد کے ذریعے کاروباری اداروں کو پانچ اہم یوریشین معیشتوں پر مشتمل مارکیٹ میں اشیا کی زیادہ مؤثر نقل و حرکت اور مسابقت کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

ڈاکٹر ثانی الزیودی نے کہا کہ یہ معاہدہ کھلی اور قواعد پر مبنی تجارت اور اعلیٰ امکانات رکھنے والی منڈیوں کے ساتھ پائیدار اقتصادی روابط قائم کرنے کے متحدہ عرب امارات کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس سے سپلائی چینز کی مضبوطی، غذائی تحفظ اور مینوفیکچرنگ، زراعت، لاجسٹکس، آٹوموٹیو مصنوعات، ٹیکنالوجی اور قیمتی دھاتوں کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

معاہدہ ایسے وقت نافذ ہوا ہے جب دونوں فریقوں کے درمیان تجارت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ متحدہ عرب امارات اور یوریشین اکنامک یونین کے درمیان غیر تیل تجارت 2025 میں 33.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، جو 2024 کے 29 ارب ڈالر کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ اور 2021 کی سطح سے چار گنا سے بھی زائد ہے۔

2025 میں یوریشین اکنامک یونین سے متحدہ عرب امارات کی درآمدات 17.8 ارب ڈالر رہیں، جبکہ دوبارہ برآمدات 13.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ 2026 کی پہلی ششماہی میں دوطرفہ غیر تیل تجارت سالانہ بنیادوں پر مزید 6.2 فیصد بڑھ کر 14.3 ارب ڈالر ہوگئی۔

یہ معاہدہ 27 جون 2025 کو منسک میں دستخط کیا گیا تھا۔ اس کے نفاذ سے متحدہ عرب امارات کے اشیا برآمد کرنے والے اداروں کو یوریشین اکنامک یونین کی کسٹمز مارکیٹ میں ترجیحی رسائی حاصل ہوگی، جبکہ یونین کے پیداواری اداروں کو امارات کے تجارتی اور لاجسٹکس نظام کے ذریعے مشرق وسطیٰ، افریقہ اور ایشیا کی منڈیوں تک مؤثر رسائی میسر آئے گی۔

جامع اقتصادی شراکت داری معاہدوں 'سیپا' کا پروگرام متحدہ عرب امارات کے خارجہ تجارت کے ایجنڈے کا اہم ستون ہے اور 2031 تک غیر تیل خارجہ تجارت کو 4 کھرب درہم، یعنی 1.1 کھرب ڈالر تک بڑھانے کے قومی ہدف کی حمایت کرتا ہے۔

ستمبر 2021 میں آغاز کے بعد سے اس پروگرام کے تحت ایشیا، افریقہ، یورپ اور براعظم امریکا میں متحدہ عرب امارات کی تجارتی شراکت داریوں کے نیٹ ورک کو وسعت دی گئی ہے، جو اقتصادی ترقی، تنوع اور تیزی سے ترقی کرنے والی عالمی منڈیوں میں کاروباری مواقع کے فروغ کے لیے کھلی اور قواعد پر مبنی تجارت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔