ابوظہبی، 7 اکتوبر، 2026 (وام) -- گلوبل فوڈ سکیورٹی سمٹ 2026 کے پہلے روز تنزانیہ-امارات گرین سلک روڈ اقدام کا آغاز کیا گیا، جس کا مقصد مربوط زرعی ویلیو چین، سرمایہ کاری اور سرحد پار تعاون کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان غذائی تحفظ اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
یہ اقدام ابوظہبی نیشنل انویسٹمنٹ اینڈ ڈیولپمنٹ (اے ڈی آئی ڈی)، تنزانیہ مرکنٹائل ایکسچینج ٹی ایم ایکس اور تنزانیہ کے شراکت داروں کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ منصوبے کے ذریعے زرعی پیداوار، پروسیسنگ، ذخیرہ، لاجسٹکس، تجارت اور منڈیوں تک رسائی کو ایک مربوط نظام میں جوڑا جائے گا۔
اس موقع پر اے ڈی آئی ڈی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر شمسہ الفہیم نے کہا کہ غذائی تحفظ اب صرف خوراک کی فراہمی کا مسئلہ نہیں بلکہ ایسے مضبوط نظام کی تشکیل سے متعلق ہے جو خوراک کی پیداوار، پروسیسنگ، ذخیرہ اور نقل و حمل کو مؤثر بنائے۔ ان کے مطابق گرین سلک روڈ محض تجارتی راستہ نہیں بلکہ زراعت، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور منڈیوں کو جوڑنے والی مکمل ویلیو چین ہے۔
ٹی ایم ایکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر گاڈفری مالیکانو نے تنزانیہ کی وسیع زرعی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک مستقبل میں خلیجی خطے کے لیے خوراک کی اہم فراہمی کا مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنزانیہ امداد کے بجائے شراکت داری اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
'سب کے لیے غذائی تحفظ، عالمی تعاون کے ذریعے' کے موضوع کے تحت منعقد دو روزہ سمٹ میں عالمی غذائی تحفظ، مضبوط غذائی نظام، زرعی جدت اور سرمایہ کاری پر توجہ دی جا رہی ہے۔ پہلے روز وزارتی خطاب، کلیدی تقاریر اور اعلیٰ سطحی پینل مباحثوں میں حکومتوں، عالمی اداروں، مالیاتی اداروں اور نجی شعبے کے درمیان مربوط تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک و زراعت ایف اے او کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل اور مشرق قریب و شمالی افریقہ کے علاقائی نمائندے ڈاکٹر عبدالحکیم الوعر نے پانی کے مؤثر استعمال پر مبنی زراعت، مقامی غذائی پیداوار، کولڈ چین انفراسٹرکچر اور خوراک کے ضیاع میں کمی کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی، جدت اور سرکاری و نجی سرمایہ کاری کے ذریعے ان شعبوں میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زرعی تجارت، سماجی تحفظ اور دیگر متعلقہ پالیسیوں میں ہم آہنگی ضروری ہے تاکہ غذائیت سے بھرپور خوراک زیادہ دستیاب اور سستی بن سکے۔
امارات فوڈ اینڈ بیوریج مینوفیکچررز گروپ کے چیئرمین صالح عبداللہ لوتاہ نے کہا کہ غذائی تحفظ کو صرف پیداواری صلاحیت سے نہیں بلکہ پورے غذائی نظام کی قابل اعتماد، پائیدار اور کم لاگت کارکردگی سے جانچنا چاہیے۔
'شراکت داری کے ذریعے غذائی مساوات' کے موضوع پر پینل مباحثے میں حکومتوں، عالمی اداروں، ترقیاتی مالیاتی اداروں، سرمایہ کاروں اور نجی شعبے کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انٹرنیشنل فنڈ فار ایگریکلچرل ڈیولپمنٹ آئی ایف اے ڈی کی مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی نمائندہ دینا صالح نے غذائی تحفظ کو مؤثر عالمی تعاون کا اہم امتحان قرار دیا۔
انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن آئی ایف سی کے علاقائی انڈسٹری ڈائریکٹر ویگنر البوکرکی ڈی المیڈا نے کہا کہ غذائی عدم تحفظ اب صرف خوراک کی دستیابی کا مسئلہ نہیں بلکہ اس کی قیمت، رسائی اور تقسیم سے بھی جڑا ہوا ہے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام ڈبلیو ایف پی کے علاقائی ڈائریکٹر سامر عبدالجابر نے موسمیاتی جھٹکوں، تنازعات اور منڈیوں میں خلل کو خطے میں غذائی تحفظ کے لیے بڑھتے ہوئے خطرات قرار دیا ہے۔
سمٹ کے ایک خصوصی پینل میں اونٹنی کے دودھ کے شعبے میں امارات کی پیش رفت، سائنسی تحقیق، نئی مصنوعات، عالمی معیار، برآمدات اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
غذائی نظام میں سرمایہ کاری سے متعلق سیشن میں زرعی شعبے کے ابتدائی مراحل تک نجی سرمایہ پہنچانے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔ آئی ایف اے ڈی کی ایسوسی ایٹ نائب صدر برائے مالیات اور چیف فنانشل آفیسر ڈیان مینویل نے بتایا کہ چھوٹے کسانوں کو عالمی موسمیاتی مالیات کا صرف 0.8 فیصد ملتا ہے اور بلینڈڈ فنانس نجی سرمایہ کاری کے خطرات کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
ایف اے او کے اماراتی نمائندے احمد مختار نے غذائی تحفظ کو کاروباری اور سرمایہ کاری کے موقع کے طور پر دیکھنے پر زور دیا، جبکہ بھارت سے متعلق خصوصی نشست میں مصنوعی ذہانت اور پریسیژن ٹیکنالوجیز کے زراعت، پروسیسنگ اور لاجسٹکس میں بڑھتے استعمال کا جائزہ لیا گیا۔
رواں سال سمٹ میں 70 سے زائد ممالک کے شرکاء، 20 سے زیادہ وزراء اور سینئر حکام، 80 سے زائد مقررین اور 350 رجسٹرڈ چیف ایگزیکٹو آفیسرز شریک ہیں، جو عالمی غذائی تحفظ کے چیلنجز سے نمٹنے میں بین الاقوامی تعاون کی بڑھتی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔