امارات اور سربیا کے درمیان سیاسی مشاورت کا پہلا دور، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

امارات اور سربیا کے درمیان سیاسی مشاورت کا پہلا دور، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

بلغراد، 7 اکتوبر، 2026 (وام) -- متحدہ عرب امارات اور جمہوریہ سربیا کے درمیان سیاسی مشاورت کا پہلا دور بلغراد میں منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت وزیر مملکت لانا نسیبہ اور سربیا کے وزیر خارجہ مارکو ڈوریچ نے کی۔

اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری اور دیرینہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا، جنہیں اعلیٰ سطحی دوروں سے مزید تقویت ملی ہے۔ اس ضمن میں امارات کے صد عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور الیگزینڈر ووچیچ کے حالیہ باہمی دوروں کا بھی ذکر کیا گیا۔

دونوں فریقوں نے ٹیکنالوجی، تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، ثقافتی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون مزید وسیع کرنے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر امارات اور سربیا کے درمیان جامع اقتصادی شراکت داری معاہدہ 'سیپا' کے مثبت اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے کہا کہ سیاسی مشاورت کا یہ دور معاہدے پر دستخط کی دوسری سالگرہ کے موقع پر منعقد ہوا ہے۔

بات چیت میں یورپ اور مشرق وسطیٰ کی اہم سیاسی و سکیورٹی پیش رفت بھی زیر غور آئی۔ دونوں فریقوں نے امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کشیدگی میں کمی، تنازعات کے پرامن حل اور علاقائی استحکام کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔

دونوں ممالک نے اقوام متحدہ اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر شراکت داری اور رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ایکسپو 2027 بلغراد کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا، جس میں متحدہ عرب امارات شرکت کرے گا۔

اجلاس میں سربیا میں امارات کے سفیر احمد المنہالی اور وزارت خارجہ کے شعبہ یورپی امور کی ڈائریکٹر ہند الشریم بھی لانا نسیبہ کے ہمراہ موجود تھے۔