مرکزی بینک کا دوسرا کلائمیٹ فورم ابوظہبی میں شروع، پائیدار مالیات اور موسمیاتی خطرات پر توجہ

مرکزی بینک کا دوسرا کلائمیٹ فورم ابوظہبی میں شروع، پائیدار مالیات اور موسمیاتی خطرات پر توجہ

ابوظہبی، 8 اکتوبر 2026 (وام) -- نائب صدر، نائب وزیراعظم، صدارتی دیوان کے چیئرمین اور متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان کی سرپرستی میں مرکزی بینک کے زیر اہتمام دوسرا کلائمیٹ فورم 2026 آج ابوظہبی میں شروع ہوگیا۔ فورم 8 اور 9 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

مسلسل دوسرے سال فورم کے انعقاد کا مقصد پائیداری اور موسمیاتی اقدامات کی حمایت میں مالیاتی شعبے کے کردار کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

فورم میں پالیسی سازوں، مرکزی بینکوں کے حکام، مالیاتی شعبے کے رہنماؤں اور موسمیاتی تبدیلی، مالیات اور مالی استحکام کے ماہرین نے شرکت کی۔ شرکا نے موسمیاتی تبدیلی کے مالی استحکام اور مانیٹری پالیسی پر اثرات کے ساتھ پائیدار مالیات کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

فورم مرکزی بینک کی ان کوششوں کا اہم سالانہ پلیٹ فارم ہے جن کے ذریعے پائیداری کے اصولوں کو اس کی پالیسیوں اور آپریشنز میں شامل کیا جا رہا ہے۔ یہ فورم متحدہ عرب امارات کی 2050 تک نیٹ زیرو حکمت عملی کے اہداف کے حصول اور ملک کو گرین اور پائیدار مالیات کے عالمی مرکز کے طور پر مزید مضبوط بنانے میں بھی معاون ہے۔

مرکزی بینک کے گورنر خالد محمد بالعمى نے فورم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بحرین کے مرکزی بینک کے گورنر خالد ابراہیم حمیدان، متحدہ عرب امارات بینکس فیڈریشن کے چیئرمین عبدالعزیز عبداللہ الغریر، اعلیٰ حکام اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

افتتاحی خطاب میں خالد محمد بالعمى نے کہا کہ مرکزی بینک قیادت کے وژن کو عملی اقدامات میں تبدیل کر رہا ہے تاکہ قومی معیشت کی پائیداری کو مضبوط کیا جا سکے اور مالیاتی شعبے کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مزید تیار کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اب ایک اہم اقتصادی اور اسٹریٹجک ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی بینک موسمیاتی خطرات سے متعلق اسٹریس ٹیسٹ کی تیاری، پائیداری کے اصولوں کے تحت غیر ملکی ذخائر کے انتظام میں توسیع، کلائمیٹ ریلیٹڈ فنانشل رسک مینجمنٹ ریگولیشن کے نفاذ اور سسٹین ایبل صکوک کے ذریعے مانیٹری پالیسی میں ماحولیاتی عوامل کو شامل کرنے پر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سسٹین ایبل صکوک کے ذریعے بینک 100 ارب ڈالر سے زائد کے پائیدار اثاثوں کو ری فنانس کر سکتے ہیں۔

مرکزی بینک کے گورنر نے کہا کہ پائیدار بانڈز میں مرکزی بینک کی سرمایہ کاری اوسطاً اس کے غیر ملکی ذخائر کا 5 فیصد ہے، جبکہ ستمبر کے اختتام پر یہ ذخائر 257 ارب ڈالر تھے۔

انہوں نے سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان شراکت داری اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

خالد محمد بالعمى نے نیٹ ورک فار گریننگ دی فنانشل سسٹم (NGFS) میں مرکزی بینک کی شمولیت کو بھی اجاگر کیا، جس میں 140 سے زائد مرکزی بینک اور مالیاتی نگران ادارے شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کا مرکزی بینک 'NGFS' کے 'ورک اسٹریم آن سینٹرل بینک آپریشنز' کی مشترکہ صدارت بھی کر رہا ہے اور یہ ذمہ داری سنبھالنے والا مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کا پہلا مرکزی بینک ہے۔

فورم میں موسمیاتی تبدیلی، مالی استحکام اور مانیٹری پالیسی کے درمیان بدلتے تعلق پر بھی گفتگو ہوئی۔ شرکا نے افراط زر کی بدلتی صورتحال اور موسمیاتی خطرات کی درست قیمت بندی نہ ہونے کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا۔

پینل مباحثوں میں نیٹ زیرو منتقلی کے لیے سرمایہ فراہم کرنے میں پائیدار مالیات کے کردار کے علاوہ بلیو اکانومی اور گرین مالیاتی مصنوعات میں نئے مواقع پر بھی بات کی گئی۔

فورم میں ڈیجیٹلائزیشن اور مالیاتی جدت کو پائیدار مالیات کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا گیا۔ شرکا نے اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ ٹیکنالوجی کس طرح پائیدار مالیاتی حل کو زیادہ آسان اور بڑے پیمانے پر قابل استعمال بنا سکتی ہے۔

ڈیجیٹل سرکاری اور نجی کرنسیوں کے ذریعے زیادہ مؤثر اور پائیدار ادائیگی اور تصفیے کے نظام کی تشکیل کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔

بحرین کے مرکزی بینک کے گورنر خالد ابراہیم حمیدان نے کہا کہ موسمیاتی خطرات مالی استحکام کے لیے تیزی سے اہم ہوتے جا رہے ہیں اور مرکزی بینکوں اور مالیاتی اداروں کو ان خطرات کو بہتر طور پر سمجھنے اور سنبھالنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط مالیاتی نظام کی تشکیل کے لیے علاقائی تعاون اور علم و تجربات کا تبادلہ ضروری ہے، جبکہ یہ فورم اس تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

متحدہ عرب امارات بینکس فیڈریشن کے چیئرمین عبدالعزیز عبداللہ الغریر نے کہا کہ ملکی بینکاری شعبہ پائیداری کے قومی اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، خاص طور پر سرمایہ فراہم کرنے اور کاروباری اداروں کو منتقلی کے عمل میں معاونت کے ذریعے۔

انہوں نے کہا کہ یو اے ای بینکس فیڈریشن جدید پائیدار مالیاتی حل کے فروغ اور مالیاتی شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

فورم کے پہلے دن کے اختتامی کلمات میں مرکزی بینک میں مانیٹری پالیسی اور مالی استحکام کے اسسٹنٹ گورنر ابراہیم عبید الزعابی نے کہا کہ فورم کی گفتگو سے واضح ہوا ہے کہ اقتصادی مضبوطی اور پائیداری ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مالیاتی پالیسی میں موسمیاتی ترجیحات کو مزید شامل کرنا سرمایہ متحرک کرنے، گرین اقتصادی مواقع پیدا کرنے اور مضبوط معیشت کی تشکیل کے لیے اہم ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پائیدار مالیات، مانیٹری پالیسی، ڈیجیٹلائزیشن اور ڈیٹا پر مبنی کلائمیٹ اسٹریس ٹیسٹنگ سے متعلق مباحث نے مرکزی بینک کے "People, Policies, Processes" فریم ورک کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ہے۔

فورم کے بعد مرکزی بینک 9 اکتوبر کو لندن اسکول آف اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس کے سینٹر فار اکنامک ٹرانزیشن ایکسپرٹیز کے تعاون سے پہلی کلائمیٹ ریسرچ سیمینار کی میزبانی کرے گا۔

سیمینار میں محققین، پالیسی ساز اور مالیاتی شعبے کے ماہرین کلائمیٹ رسک ماڈلنگ، پائیدار اور ذمہ دارانہ سرمایہ کاری اور نیٹ زیرو منتقلی سے متعلق پالیسی چیلنجز پر تبادلہ خیال کریں گے۔

یہ سیمینار فورم کی کارروائیوں کا تسلسل ہے اور موسمیاتی و پائیدار مالیات کے شعبے میں علم اور تجربات کے تبادلے کے لیے مرکزی بینک کے کردار کو مزید مضبوط کرے گا۔