متحدہ عرب امارات کا خوراک اور پانی کے باہمی تعلق کو عالمی مباحثے میں نمایاں کرنے پر زور

متحدہ عرب امارات کا خوراک اور پانی کے باہمی تعلق کو عالمی مباحثے میں نمایاں کرنے پر زور

ابوظہبی، 8 اکتوبر 2026 (وام) -- متحدہ عرب امارات خوراک کے نظام سے وابستہ عالمی برادری کو پانی سے متعلق عالمی مباحثے میں شامل کرنے کے لیے کام کر رہا ہے تاکہ پانی اور خوراک کے مستقبل کے درمیان اہم تعلق کو اجاگر کیا جا سکے۔

گلوبل فوڈ ویک یو اے ای 2026 کے دوران وزیر خارجہ کے معاون برائے توانائی و پائیداری عبداللہ بلعلاء نے ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس کے زیر اہتمام 'PALT' کانفرنس میں شرکت کی، جہاں حکومت، صنعت، مالیات اور جدت کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے خوراک کی پیداوار اور جدت کے مستقبل میں پانی کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔

عبداللہ بلعلاء نے اس موقع پر زور دیا کہ خوراک کی پیداوار کا بنیادی تعلق پانی سے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زمین پر پیدا ہونے والی 95 فیصد سے زائد خوراک میٹھے پانی پر منحصر ہے، جبکہ دنیا بھر میں میٹھے پانی کے تقریباً 70 فیصد استعمال کا تعلق زراعت سے ہے۔

دنیا کی آبادی 2050 تک 9.7 ارب تک پہنچنے کی توقع ہے اور خوراک کی طلب بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ایسے میں چیلنج صرف زیادہ خوراک پیدا کرنا نہیں بلکہ پانی اور دیگر وسائل کو زیادہ مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے پیداوار بڑھانا ہے۔

کانفرنس میں عبداللہ بلعلاء نے خوراک، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے باہمی تعلق سے پیدا ہونے والے نئے مواقع پر بھی روشنی ڈالی۔ ان میں متبادل پروٹین، فرمنٹیشن، لیبارٹری میں تیار کی جانے والی غذائیں، کائی اور نئی نسل کی فوڈ ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ جدید ٹیکنالوجیز خوراک کی پیداوار کے ذرائع کو متنوع بنانے اور زیادہ مضبوط اور وسائل کے مؤثر استعمال پر مبنی غذائی نظام تشکیل دینے میں مدد دے سکتی ہیں۔

عبداللہ بلعلاء نے کہاکہ، "خوراک اور پانی سے متعلق جدت کو آپس میں جوڑنے کے بڑے مواقع موجود ہیں۔ اگر ہمیں 50 فیصد زیادہ خوراک پیدا کرنی ہے تو یہ فرض نہیں کیا جا سکتا کہ اس کے لیے 50 فیصد زیادہ پانی بھی دستیاب ہوگا۔ ہمیں پانی کے ہر قطرے سے زیادہ فائدہ حاصل کرنا ہوگا۔"

انہوں نے کہا کہ اس کے لیے زیادہ مؤثر آبپاشی، پانی کے بہتر استعمال پر مبنی زراعت، خشک سالی برداشت کرنے والی فصلیں، پانی کا دوبارہ استعمال، بہتر نگرانی اور ڈیٹا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایسی فوڈ ٹیکنالوجیز کی بھی ضرورت ہے جو خوراک کی پیداوار میں وسائل کے استعمال کو کم کر سکیں، جبکہ پروٹین کی پیداوار سے متعلق روایتی طریقوں پر بھی نئے انداز سے غور کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ متنوع ذرائع ہی مضبوطی اور استحکام کی بنیاد ہیں۔

متحدہ عرب امارات کا مؤقف ہے کہ پانی اور خوراک کا باہمی تعلق 2026 کی اقوام متحدہ واٹر کانفرنس کے ایک اہم اصول کی عکاسی کرتا ہے، یعنی پانی اقتصادی ترقی کا بنیادی ذریعہ ہے۔

پانی زراعت اور خوراک کی پیداوار کے ساتھ توانائی، صنعت، مینوفیکچرنگ، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، شہروں اور مجموعی اقتصادی ترقی کے لیے بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ اس لیے پانی سے متعلق تحفظ اور پائیداری کو مضبوط بنانا دراصل معیشت اور غذائی نظام کی بنیادوں کو مضبوط بنانا ہے۔

گلوبل فوڈ ویک کے دوران ہونے والی یہ سرگرمیاں دسمبر میں ابوظہبی میں منعقد ہونے والی 2026 کی اقوام متحدہ واٹر کانفرنس کی تیاریوں کا حصہ ہیں۔

متحدہ عرب امارات خوراک پیدا کرنے والوں، زرعی کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں، ٹیکنالوجی کمپنیوں، محققین، اختراع کاروں اور فوڈ ویلیو چین سے وابستہ دیگر فریقوں کو دعوت دے رہا ہے کہ وہ اپنے تجربات اور حل عالمی آبی مباحثے میں پیش کریں۔

کانفرنس خوراک اور زراعت سے وابستہ شعبوں کو پانی کے شعبے کے ساتھ براہ راست رابطے کا موقع فراہم کرے گی، جہاں سرمایہ کاری، جدت، ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے فوڈ ویلیو چین کو زیادہ مضبوط بنانے اور کم پانی سے زیادہ خوراک پیدا کرنے کے طریقوں پر غور کیا جائے گا۔

عبداللہ بلعلاء نے خوراک کے نظام سے وابستہ اداروں اور ماہرین پر زور دیا کہ وہ ایسے عملی حل سامنے لائیں جنہیں بڑے پیمانے پر نافذ کیا جا سکے، ایسی سرمایہ کاری کے مواقع پیش کریں جو طویل مدت میں مؤثر نتائج دے سکیں، اور خوراک و پانی سے متعلق جدت کو جوڑنے والی شراکت داریاں قائم کریں۔

متحدہ عرب امارات نے عالمی برادری کو 2026 کی اقوام متحدہ واٹر کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد عالمی عزم کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا ہے۔

"دی اویسس" کے لیے رجسٹریشن مفت ہے جو 2026 کی اقوام متحدہ واٹر کانفرنس کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے دستیاب ہے، جبکہ مزید معلومات 'X'، 'LinkedIn' اور 'Meta' پر '@UNWaterConfUAE' کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہیں۔