شارجہ، 12 اکتوبر، 2026 (وام) -- شارجہ انویسٹمنٹ فورم ایس آئی ایف 2026 کا نواں ایڈیشن بدھ سے شروع ہوگا، جس میں 60 سے زائد ممالک کے 10 ہزار سے زیادہ شرکاء کی شرکت متوقع ہے۔ دو روزہ فورم مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے نمایاں سرمایہ کاری فورمز میں اپنی پوزیشن کو مزید مضبوط کرے گا۔
الجوہرہ ریسیپشن اینڈ کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والے فورم میں پالیسی ساز، سرمایہ کار اور عالمی کاروباری رہنما ابھرتے ہوئے سرمایہ کاری مواقع اور اقتصادی ترقی کے اہم محرکات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
شارجہ ایف ڈی آئی آفس انویسٹ اِن شارجہ کے زیر اہتمام اور اماراتی وزارت سرمایہ کاری کے تعاون سے منعقد ہونے والا فورم 'موافقت پذیر معیشتوں کی تعمیر' کے موضوع کے تحت ہوگا۔
فورم میں 80 سے زائد مقررین اور 140 سے زیادہ سرگرمیاں شامل ہوں گی، جن میں سرمایہ کاروں، کمپنیوں اور فیصلہ سازوں کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کے لیے 80 براہ راست کاروباری ملاقاتیں بھی منعقد کی جائیں گی۔ پروگرام میں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ حکومتیں اور کاروباری ادارے بدلتے عالمی حالات سے کس طرح ہم آہنگ ہو سکتے ہیں، مسابقت بڑھا سکتے ہیں اور سرمایہ کاری و طویل مدتی ترقی کے نئے مواقع تلاش کر سکتے ہیں۔
فورم میں اعلیٰ سطحی سرکاری رہنماؤں، بین الاقوامی کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی ماہرین کی شرکت ہوگی، جبکہ وزیر معیشت و سیاحت عبداللہ بن طوق المری فورم کا کلیدی خطاب کریں گے۔
نمایاں مقررین میں اعمار پراپرٹیز کے بانی و منیجنگ ڈائریکٹر، نون ڈاٹ کام کے بانی و ڈائریکٹر اور ایگل ہلز و امریکانا گروپ کے چیئرمین محمد العبار بھی شامل ہیں، جو کاروباری شخصیت اور ریڈیو میزبان کرس فیڈ کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کاروباری قیادت، سرمایہ کی تقسیم اور بدلتے اقتصادی حالات میں ترقی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
پروگرام میں وزارت سرمایہ کاری کے انڈر سیکریٹری محمد عبدالرحمن الہاوی، وزارت خارجہ تجارت کے انڈر سیکریٹری فہد القرقاوی اور وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات کے انڈر سیکریٹری محمد سعید النعیمی سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی شرکت کریں گے، جو اقتصادی پالیسی، بین الاقوامی تجارت اور پائیدار ترقی سے متعلق اپنے خیالات پیش کریں گے۔
ایس آئی ایف 2026 چار بنیادی محوروں پر مرکوز ہوگا، جن میں ریگولیٹری مسابقت اور اقتصادی موافقت، مصنوعی ذہانت، ٹیکنالوجی اور صنعتی تبدیلی، اسمارٹ سرمایہ کے بہاؤ اور سپلائی چین کی مضبوطی، جبکہ مستقبل کے طرزِ زندگی اور اقتصادی ترقی شامل ہیں۔
مختلف سیشنز میں بدلتے مارکیٹ حالات کے مطابق سرمایہ کاری اور تجارتی پالیسیوں کی تشکیل، اقتصادی رکاوٹوں سے نمٹنے کے لیے کاروباری حکمت عملی اور ایجنٹک اے آئی سمیت ابھرتی ٹیکنالوجیز کے صنعتی سرگرمیوں، سرکاری خدمات اور سرمایہ کاری فیصلوں پر اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس کے ساتھ سرحد پار سرمایہ کے بہاؤ، سپلائی چین کی مضبوطی، تجارتی روابط اور صنعتی توسیع کے لیے درکار بنیادی ڈھانچے پر بھی گفتگو ہوگی۔ مستقبل کی اقتصادی ترقی سے متعلق مباحثوں میں رئیل اسٹیٹ، پائیدار کمیونٹیز، غذائی تحفظ، زرعی ٹیکنالوجی اور صارفین کے بدلتے رویوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
فورم کو سرکاری اداروں، نجی شعبے کی کمپنیوں اور میڈیا تنظیموں سمیت 20 سے زائد شراکت داروں اور اسپانسرز کی حمایت حاصل ہے۔ یہ نیٹ ورک اقتصادی ترقی، تجارت، شہری منصوبہ بندی، رئیل اسٹیٹ، لاجسٹکس، تعمیرات، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں پر محیط ہے، جس سے سرمایہ کاروں، فیصلہ سازوں اور کاروباری رہنماؤں کے لیے نئی شراکت داریاں قائم کرنے کے مواقع پیدا ہوں گے۔