دبئی، 13 اکتوبر 2026 (وام) -- نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا ہے کہ دبئی میں اس وقت تقریباً 2.1 ٹریلین درہم مالیت کے منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں رہائش، ٹرانسپورٹ، ہوا بازی، بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی ترقی کے بڑے منصوبے شامل ہیں۔
عزت مآب شیخ محمد بن راشد نے یہ بات محمد بن راشد لیڈرشپ فورم کے دوران کہی، جو نظم و نسق اور قیادت سے متعلق سالانہ اہم اجتماع ہے اور پیر کو دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں شروع ہوا۔ فورم میں دبئی کے سرکاری اور نجی شعبوں سے ایک ہزار اہم رہنماؤں کے علاوہ ماہرین، فیصلہ سازوں اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔
تقریب میں دبئی کے ولی عہد، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے بھی شرکت کی۔
فورم میں متحدہ عرب امارات اولمپک کمیٹی کے صدر عزت مآب شیخ منصور بن محمد بن راشد المکتوم، دبئی کلچر اینڈ آرٹس اتھارٹی کی چیئرپرسن عزت مآب شیخہ لطیفہ بنت محمد بن راشد المکتوم اور شیخ محمد بن راشد المکتوم کے ایگزیکٹو آفس کے چیئرمین اور محمد بن راشد سینٹر فار لیڈرشپ ڈویلپمنٹ کے چیئرمین محمد بن عبداللہ القرقاوی بھی شریک ہوئے۔
عزت مآب شیخ محمد بن راشد نے کہاکہ، "دبئی ایک شہر کے اندر نیا شہر تعمیر کر رہا ہے۔ اس وقت ہمارے پاس 2.1 ٹریلین درہم مالیت کے فعال منصوبے زیر تکمیل ہیں، جبکہ آئندہ مرحلے میں مزید منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا۔ ہماری رفتار مسلسل جاری ہے اور کامیابیوں کا سفر بھی آگے بڑھ رہا ہے۔"
انہوں نے کہا کہ یہ ترقی اور توسیع کا ایک غیر معمولی دور ہے اور دبئی اور اس کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے لیے بہترین وقت ہے۔ دبئی رہائش، ٹرانسپورٹ اور بنیادی ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے ذریعے اقتصادی ترقی کے ایک نئے مرحلے کی تیاری کر رہا ہے۔
عزت مآب شیخ محمد بن راشد نے مزید کہاکہ، "ہم آج مستقبل کا بنیادی ڈھانچہ تعمیر کر رہے ہیں اور دبئی کی صلاحیت میں اضافہ کر رہے ہیں تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی، کاروباری سرگرمیوں اور اقتصادی شعبوں کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔ ہمارا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ دبئی ترقی کے لیے ہمیشہ تیار رہے اور رہنے، کام کرنے اور سرمایہ کاری کے لیے اعلیٰ ترین معیار فراہم کرتا رہے۔"
انہوں نے کہاکہ، "جو شہر ترقی کرنا چاہتے ہیں، وہ دوسروں سے پہلے قدم اٹھاتے ہیں۔ ہمیں ایسے رہنما چاہئیں جو بدلتے حالات کو سمجھ سکیں، تیزی سے فیصلے کریں اور خیالات کو منصوبوں اور منصوبوں کو ایسے عملی نتائج میں تبدیل کریں جن کا اثر لوگوں کی زندگیوں میں محسوس کیا جا سکے۔"
دبئی میں جاری منصوبے رہائش، ٹرانسپورٹ، ہوا بازی، بنیادی ڈھانچے، اقتصادی زونز اور رئیل اسٹیٹ سمیت متعدد شعبوں پر محیط ہیں۔ ان میں پانی، بجلی، سیوریج اور شجرکاری و سبز مقامات سے متعلق منصوبے بھی شامل ہیں، جن کا مقصد امارت کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ بنیادی سہولیات کو وسعت دینا اور آئندہ برسوں کے لیے اس کی استعداد بڑھانا ہے۔
ان منصوبوں میں 2030 تک رئیل اسٹیٹ شعبے کے لیے 1.1 ٹریلین درہم کی سرمایہ کاری شامل ہے۔
ہوا بازی کے شعبے میں المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے 128 ارب درہم مختص کیے گئے ہیں۔ منصوبے کے تحت اسے دنیا کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ بنایا جائے گا، جو آئندہ دہائی میں سالانہ 26 کروڑ مسافروں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھے گا۔
اس کے علاوہ ایمریٹس اور فلائی دبئی کے فضائی بیڑوں کی توسیع کے لیے 328 ارب درہم، جبکہ ایمریٹس کے نئے انجینئرنگ اور مینٹیننس کمپلیکس کے لیے 18.7 ارب درہم مختص کیے گئے ہیں۔
منصوبوں میں دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر کے دوسرے مرحلے کی ترقی کے لیے 100 ارب درہم سے زائد، سڑکوں کی توسیع اور دبئی میٹرو کی بلیو اور گولڈ لائنز کی ترقی کے لیے 100 ارب درہم اور دبئی ایگزیبیشن سینٹر کی توسیع کے لیے 10 ارب درہم بھی شامل ہیں۔
اسی طرح دبئی اسٹریٹجک سیوریج ٹنلز نظام کے لیے 80 ارب درہم، بارش کے پانی کی نکاسی کے "تصریف" منصوبے کے لیے 30 ارب درہم، بجلی اور پانی کے نئے نیٹ ورک کے بنیادی ڈھانچے کے لیے 151 ارب درہم اور بلیو اینڈ گرین اسپیسز روڈ میپ کے لیے 4 ارب درہم مختص کیے گئے ہیں۔
دبئی کی شہری اور اقتصادی ترقی کے ساتھ رہائشی شعبے میں تقریباً ساڑھے تین لاکھ نئے رہائشی یونٹس فراہم کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے، جس کے ساتھ ٹرانسپورٹ اور بنیادی ڈھانچے کے نیٹ ورکس کو مزید وسعت دی جائے گی۔
محمد بن راشد لیڈرشپ فورم، عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد عالمی معیار کا ایسا قیادتی نظام تشکیل دینا ہے جو مستقبل کی تشکیل اور نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد دے۔
فورم شیخ محمد بن راشد کے قیادت اور انتظام سے متعلق نقطہ نظر کو ادارہ جاتی شکل دینے اور اسے ایسے عملی فریم ورک میں تبدیل کرنے کی جانب بھی اہم قدم ہے جسے دبئی کے مختلف اداروں میں اپنایا جا سکے۔
فورم کا مقصد قیادت اور انتظام کے بہترین طریقوں کو فروغ دینا، خیالات اور تجربات کے تبادلے کے مواقع فراہم کرنا اور ادارہ جاتی کارکردگی بہتر بنانے والے تجربات پر گفتگو کرنا ہے۔ اس میں دبئی کے مستقبل کے بعض اقدامات اور ترقیاتی وژن کے ساتھ اس کی اسٹریٹجک سمت بھی اجاگر کی جا رہی ہے۔
فورم مختلف سرکاری اداروں اور شعبوں کے رہنماؤں کو عالمی تبدیلیوں کے تناظر میں مؤثر کردار ادا کرنے، فیصلہ سازی میں مشترکہ اسٹریٹجک سوچ کو فروغ دینے اور جدید قیادتی ماڈلز متعارف کرانے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔