الدار کی شارجہ میں پہلی رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری، 1.1 ارب درہم کا معاہدہ

الدار کی شارجہ میں پہلی رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری، 1.1 ارب درہم کا معاہدہ

ابوظہبی، 15 اکتوبر، 2026 (وام) -- الدار نے شارجہ کے الجادہ منصوبے میں 1,100 سے زائد رہائشی یونٹس کی خریداری کے لیے ارادہ کے ساتھ 1.1 ارب درہم مالیت کے پیشگی خریداری معاہدے کا اعلان کیا ہے، جو شارجہ میں الدار کی پہلی رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری ہے۔

معاہدے کے تحت الجادہ میں نو عمارتوں پر مشتمل تین رہائشی بلاکس الدار کے پورٹ فولیو میں شامل ہوں گے، جنہیں ارادہ 2029 کی چوتھی سہ ماہی میں مکمل کرکے حوالے کرے گا۔ اس سرمایہ کاری کے بعد الدار کے ڈیولپ ٹو ہولڈ منصوبوں کی مالیت بڑھ کر 21 ارب درہم ہوجائے گی۔

یہ معاہدہ الدار اور ارادہ کے درمیان حال ہی میں اعلان کردہ 15 ارب درہم کی ترقیاتی شراکت داری کے بعد سامنے آیا ہے اور الدار کو شارجہ کی تیزی سے بڑھتی رہائشی مارکیٹ میں ایک قائم شدہ مربوط کمیونٹی کے ذریعے داخل ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

الدار کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر طلال الذیابی نے کہا کہ الجادہ میں سرمایہ کاری شارجہ کی رہائشی مارکیٹ میں گروپ کے داخلے کی نمائندگی کرتی ہے اور اس کی ڈیولپ اینڈ ہولڈ حکمت عملی کے مطابق کرایے پر دی جانے والی جائیدادوں کے پورٹ فولیو کو وسعت دے گی۔ انہوں نے ارادہ کے ساتھ شراکت داری مزید مضبوط بنانے کی توقع بھی ظاہر کی۔

ارادہ کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد الخشیبی نے کہا کہ یہ معاہدہ الجادہ اور شارجہ کی رہائشی مارکیٹ پر مضبوط اعتماد کی عکاسی کرتا ہے اور الدار کے ساتھ بڑھتی شراکت داری میں ایک اور اہم پیش رفت ہے۔

الجادہ شارجہ کا 2.2 ملین مربع میٹر پر محیط بڑا مخلوط استعمال کا منصوبہ ہے، جہاں مکمل ترقی کے بعد تقریباً 25 ہزار رہائشی یونٹس ہوں گے اور مجموعی فروخت کی متوقع مالیت 35 ارب درہم ہے۔

منصوبے میں 2021 سے رہائشی یونٹس کی حوالگی جاری ہے اور اب تک مختلف علاقوں میں 8,800 سے زائد یونٹس حوالے کیے جا چکے ہیں۔ کمیونٹی میں مدار فیملی انٹرٹینمنٹ ڈسٹرکٹ، دو بین الاقوامی اسکول، دو ہوٹل، نیسٹ اسٹوڈنٹ ہاؤسنگ کمپلیکس اور 3 لاکھ مربع فٹ سے زائد زیر استعمال ریٹیل اسپیس بھی شامل ہے۔

الجادہ شیخ محمد بن زاید روڈ اور الذید روڈ کے قریب واقع ہے، جبکہ شارجہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سات منٹ اور دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تقریباً 20 منٹ کی مسافت پر ہے، جس سے شارجہ اور دبئی دونوں تک آسان رسائی حاصل ہے۔