ابوظہبی، 16 اکتوبر، 2026 (وام) -- متحدہ عرب امارات انسانی ہمدردی کی امداد، ترقیاتی شراکت داری اور زرعی جدت کے ذریعے بھوک اور غذائی قلت کے خلاف عالمی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جس کا مقصد انسانی جانوں کا تحفظ، غذائی نظام کی لچک بڑھانا اور پائیدار خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
سال 2026 کے دوران اس ضمن میں متعدد اقدامات کیے گئے، جن میں انتہائی ضرورت مند افراد کے لیے امدادی مہمات، غذائیت کے پروگراموں کو وسعت دینے کے لیے بین الاقوامی شراکت داریاں اور زرعی پیداوار بڑھانے کے جدید منصوبے شامل ہیں۔
نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے فروری میں 'ایج آف لائف' مہم شروع کی، جس کا مقصد 50 لاکھ بچوں کو بھوک سے موت کے خطرے سے بچانا ہے۔ مہم کے لیے 44,208 عطیہ دہندگان نے 2.822 ارب درہم سے زائد فراہم کیے، جو ایک ارب درہم کے مقررہ ہدف سے کہیں زیادہ ہے۔
محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشی ایٹوز، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسف اور چلڈرنز انویسٹمنٹ فنڈ فاؤنڈیشن نے مہم پر عملدرآمد کے لیے 30 کروڑ ڈالر کی شراکت داری کا اعلان کیا۔ اس میں محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشی ایٹوز اور چلڈرنز انویسٹمنٹ فنڈ فاؤنڈیشن کی مشترکہ 10 کروڑ ڈالر کی معاونت شامل ہے، جبکہ یونیسف اپنے شراکت داروں کے ذریعے مزید 20 کروڑ ڈالر جمع کر رہا ہے۔
امارات نے سوڈان میں تنازع سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام کو 2 کروڑ ڈالر فراہم کیے، جبکہ خشک سالی اور موسمیاتی اثرات سے متاثرہ خاندانوں کے لیے کینیا کو 30 ٹن غذائی امداد بھیجی گئی۔
چاڈ میں ال نینو کے اثرات اور بھوک و غذائی قلت کے خطرات سے نمٹنے کے لیے 80 لاکھ ڈالر مختص کیے گئے، جبکہ غزہ میں آپریشن 'الفارس الشهم 3' کے تحت زمینی، سمندری اور فضائی راستوں سے خوراک کی امداد پہنچائی گئی۔
ڈی پی ورلڈ نے ورلڈ فوڈ پروگرام کے تعاون سے برونڈی، جمہوری جمہوریہ کانگو اور روانڈا میں انسانی ہمدردی کی کارروائیوں کے لیے 5 ہزار میٹرک ٹن چاول منتقل کیے اور سمندری ترسیل کے اخراجات کا ایک حصہ برداشت کیا۔
اپریل میں متحدہ عرب امارات 2026 سے 2028 کی مدت کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ایگزیکٹو بورڈ کا رکن منتخب ہوا، جس سے عالمی سطح پر بھوک کے خلاف پالیسی سازی، انسانی ہمدردی کی کارروائیوں، سپلائی چینز اور ضرورت مند آبادیوں تک خوراک کی رسائی میں اس کا کردار مزید وسیع ہوا۔
ستمبر میں وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات نے نیویارک میں اقوام متحدہ میں امارات کے مستقل مشن میں آبی دباؤ سے آبی تحفظ پر مبنی زراعت کی جانب عملی پیش رفت سے متعلق اعلیٰ سطحی وزارتی اجلاس اور مکالمے کا انعقاد کیا۔ یہ تقریب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں وزارت کی شرکت کا حصہ تھی۔
مباحثوں میں قومی ترجیحات کو قابل عمل منصوبوں میں تبدیل کرنے، مہارت، ڈیٹا اور ٹیکنالوجی تک رسائی بڑھانے، آبپاشی کی کارکردگی بہتر بنانے، پانی کے دوبارہ استعمال، زیر زمین پانی کے تحفظ، سیم و تھور کے مسائل اور ڈیجیٹل حل پر توجہ دی گئی۔
یہ کوششیں 8 سے 10 دسمبر تک ابوظبی میں ہونے والی اقوام متحدہ کی آبی کانفرنس 2026 کی تیاریوں کا بھی حصہ ہیں اور کوپ28 میں پائیدار زراعت، مضبوط غذائی نظام اور موسمیاتی اقدامات سے متعلق اماراتی اعلامیے کے نتائج کو آگے بڑھاتی ہیں۔
محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشی ایٹوز کے تحت دبئی کیئرز نے ’’فیڈ اے چائلڈ، بلڈ اے کچن‘‘ مہم شروع کی، جو کینیا میں ماحول دوست اسکول میل پروگرام کی معاونت کرے گی اور بعد میں اسے افریقہ کے صحارا کے جنوب میں واقع دیگر ممالک تک توسیع دینے کا منصوبہ ہے۔ مہم کا مقصد بچوں کے لیے پائیدار خوراک کی فراہمی اور خاندانوں کی بھوک و غذائی قلت سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق افریقہ میں 90 فیصد سے زائد بچوں کو متوازن غذا میسر نہیں، جبکہ کینیا میں 60 فیصد بچے غذائی قلت سے متاثر ہیں، جس کے باعث ان کی اسکول حاضری، توجہ اور تعلیمی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔
متحدہ عرب امارات اور امریکا نے نومبر 2021 میں ایگریکلچر انوویشن مشن فار کلائمیٹ کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت عالمی زرعی جدت کے لیے ابتدا میں 4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عزم کیا گیا۔ مئی 2023 تک اس اقدام کے تحت سرمایہ کاری 13 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی۔
کوپ28 کے دوران 134 ممالک نے پائیدار زراعت، مضبوط غذائی نظام اور موسمیاتی اقدامات سے متعلق اعلامیے پر دستخط کیے، جبکہ موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں غذائی تحفظ کے لیے 2.5 ارب ڈالر سے زائد وسائل بھی متحرک کیے گئے۔
ملکی سطح پر امارات نے 'قومی پروگرام برائے سپلائی چین لچک' شروع کیا ہے، جس کا مقصد درآمدی ذرائع میں تنوع، مقامی صنعت و زراعت کی معاونت اور بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط بنانا ہے۔ ملک نے رواں ماہ ورلڈ فوڈ ویک کی میزبانی بھی کی، جس میں ایشیا، افریقہ اور یورپ کو جوڑنے والے اس کے اسٹریٹجک محل وقوع اور جدید لاجسٹکس ڈھانچے کو نمایاں کیا گیا۔
سال 2025 میں امارات کی خوراک، زرعی اور متعلقہ مصنوعات کی تجارت 41.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ دبئی کی فوڈ ٹیک ویلی نے پائیدار غذائی نظام کی ترقی کے لیے 50 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوجہ کی، جس میں ورٹیکل فارمنگ، ہائیڈروپونکس اور پریسیژن فرمنٹیشن جیسی ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔
متحدہ عرب امارات قومی غذائی تحفظ حکمت عملی 2051 پر بھی عملدرآمد کر رہا ہے، جس میں 38 مختصر اور طویل مدتی اقدامات شامل ہیں اور جس کا مقصد 2051 تک ملک کو عالمی فوڈ سکیورٹی انڈیکس میں صف اول میں لانا ہے۔