ابوظہبی، 21 اکتوبر، 2026 (وام) -- واشنگٹن ڈی سی کے چلڈرنز نیشنل ہسپتال میں گلوبل سروسز کی ایگزیکٹو میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر کیرن اسمتھ نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات صحت کے شعبے، بالخصوص طبی جدت اور پریسیژن میڈیسن میں تیزی سے پیش رفت کر رہا ہے۔
ابوظہبی فیوچر ہیلتھ سمٹ 2026 کے موقع پر ایمریٹس نیوز ایجنسی 'وام' سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ چلڈرنز نیشنل ہسپتال، محکمہ صحت ابوظبی کے ساتھ نومولود بچوں کی جینیاتی اسکریننگ اور دبئی کے الجلیلہ چلڈرنز ہسپتال کے ساتھ نرسنگ تربیت، معیارِ علاج اور امراضِ قلب کے مریضوں کی ریموٹ مانیٹرنگ میں تعاون کر رہا ہے۔
ڈاکٹر اسمتھ کے مطابق ابوظبی میں نومولود بچوں کی مکمل ایکسوم سیکوینسنگ سے ممکنہ موروثی اور طبی مسائل کی جلد نشاندہی، بروقت علاج اور مناسب احتیاطی دیکھ بھال میں مدد ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چلڈرنز نیشنل ہسپتال کے امارات کے طبی اداروں کے ساتھ تعلقات 30 سال سے زائد عرصے پر محیط ہیں اور اس دوران مختلف ہسپتالوں اور سرکاری اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا گیا ہے۔
دبئی کے الجلیلہ چلڈرنز ہسپتال کے ساتھ تعاون کے تحت نرسنگ عملے کی تربیت اور بچوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ الجلیلہ چلڈرنز ہسپتال کے کارڈیک انٹینسیو کیئر یونٹ کے لیے ریموٹ مانیٹرنگ سروس رواں سال جون میں شروع کی گئی، جس کے تحت واشنگٹن میں ماہر نرسیں امارات میں رات کے اوقات کے دوران مریضوں کی نگرانی کرتی ہیں۔ اس سے مقامی طبی عملے کو اضافی معاونت، مریضوں کی بہتر نگرانی اور بروقت مشاورت میسر آتی ہے۔
ڈاکٹر اسمتھ نے بچوں کے دماغی ٹیومرز کے علاج سے متعلق حالیہ تحقیق کا بھی ذکر کیا، جس میں متعدد بین الاقوامی اداروں نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے جین تھراپی میں پیش رفت کو بھی اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ اس طریقہ علاج سے سکل سیل بیماری میں مبتلا ایک نوجوان کا علاج کیا گیا، جبکہ مسکیولر ڈسٹروفی اور بیٹا تھیلیسیمیا کے بعض کیسز میں بھی اس کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق ہسپتال دنیا بھر سے آنے والے بچوں کے لیے مرگی کی خصوصی سرجری بھی فراہم کرتا ہے اور بعض مریض علاج کے بعد دوروں کی ادویات کے بغیر معمول کی زندگی گزار رہے ہیں۔