دبئی، 21 اکتوبر، 2026 (وام) -- دبئی ٹی100 ٹرائیتھلون کی آرگنائزنگ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ 14 نومبر کو الممزر میں ہونے والے مقابلے میں دنیا کی 19 نمایاں پروفیشنل خواتین ٹرائیتھلیٹس حصہ لیں گی۔
ایونٹ کا انعقاد پروفیشنل ٹرائیتھلیٹس آرگنائزیشن، دبئی محکمہ معیشت و سیاحت اور دبئی اسپورٹس کونسل کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔
سوئٹزرلینڈ کی جولی ڈیرون میدان میں سرفہرست ہوں گی، جو اپنے دبئی ٹی100 ٹائٹل کا دفاع کرنے کے ساتھ ٹی100 ریس ٹو قطر اسٹینڈنگز میں اپنی برتری مزید مضبوط بنانے کی کوشش کریں گی۔ سیزن کا فائنل 10 سے 12 دسمبر تک دوحہ میں قطر ٹی100 ٹرائیتھلون ورلڈ چیمپئن شپ کے طور پر منعقد ہوگا۔
دبئی رواں سیزن کی خواتین کی چار ریسز میں آخری مرحلہ ہے اور کھلاڑیوں کے لیے فائنل سے قبل پوائنٹس حاصل کرنے اور اپنی پوزیشن بہتر بنانے کا آخری موقع ہوگا۔
ڈیرون کے علاوہ برطانیہ سے جارجیا ٹیلر براؤن، کیٹ وا، جیسیکا فلاگر، لیزی رینر، سوفی ایونز اور میگن میک ڈونلڈ؛ جرمنی سے بیانکا بوگن، کیرولین پوہلے اور ڈینیلا کلائزر؛ اٹلی سے فرانسسکا کریستانی اور سارہ سینڈرینی بھی مقابلے میں شریک ہوں گی۔
دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں نیوزی لینڈ کی نکول وان ڈر کائے، اسپین کی سارہ پیریز سالا، آسٹریا کی لیزا پرٹیرر، فرانس کی آڈری مرلے، بیلجیم کی ہانے ڈی ویٹ، ڈنمارک کی کیٹرین کرسٹینسن اور برازیل کی جینیفر آرنلڈ شامل ہیں۔
رواں سیزن کی ٹی100 ٹرائیتھلون ورلڈ ٹور میں خواتین اور مردوں کی چار، چار ریسز شامل ہیں اور دونوں کیٹیگریز کے فائنل دسمبر میں دوحہ میں ہوں گے۔ ہر ریس کے فاتح کو 50 ہزار امریکی ڈالر انعام دیا جائے گا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں دوگنا ہے۔
اس موقع پر روفیشنل ٹرائیتھلیٹس آرگنائزیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سیم رینوف نے کہا کہ قطر فائنل سے قبل دبئی خواتین ایتھلیٹس کے لیے پوائنٹس حاصل کرنے کا آخری موقع ہے، جس کے باعث مقابلہ مزید اہم ہوگیا ہے۔