ابوظہبی، 25 اکتوبر، 2026 (وام) -- وزیر خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور جمہوریہ بینن کے درمیان آج طے پانے والے جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے 'سیپا' سے 2033 تک بینن کے لیے اماراتی برآمدات میں ایک ارب ڈالر سے زائد جبکہ امارات کے لیے بینن کی برآمدات میں 10 کروڑ ڈالر سے زیادہ اضافے کی توقع ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ایمریٹس نیوز ایجنسی، وام کو دیے گئے بیان میں انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت تجارت کو بڑے پیمانے پر آزاد کیا جائے گا اور دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارت کے تقریباً 97 فیصد حصے کا احاطہ کیا جائے گا، جبکہ بڑی تعداد میں کسٹم محصولات ختم یا کم کیے جائیں گے۔
ڈاکٹر الزیودی نے کہا کہ یہ معاہدہ امارات اور بینن کے مشترکہ تعاون کے ساتھ افریقی براعظم کے ساتھ امارات کی وسیع تر شراکت داری میں بھی اہم اضافہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران مذاکرات ریکارڈ رفتار سے آگے بڑھے۔
انہوں نے دونوں ممالک کی قیادت اور کاروباری برادریوں کو معاہدے پر دستخط کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ مختلف شعبوں میں وسیع مواقع فراہم کرے گا، خصوصاً ایسے وقت میں جب بینن نے گزشتہ 2 برس کے دوران مضبوط اقتصادی نمو ریکارڈ کی ہے اور گزشتہ سال اس کی شرح نمو 7.5 فیصد سے زائد رہی۔ یہ کارکردگی بینن کی مارکیٹ میں داخل ہونے کی خواہش مند اماراتی نجی شعبے کی کمپنیوں کے لیے نمایاں امکانات کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بینن کی امارات کے لیے اہم برآمدات میں کپاس، بعض اقسام کے خشک میوہ جات، سویابین اور مختلف غذائی مصنوعات شامل ہیں۔ ان اشیا کے لیے اماراتی منڈی میں مواقع موجود ہیں جبکہ انہیں متحدہ عرب امارات کے ذریعے عالمی منڈیوں میں دوبارہ برآمد بھی کیا جاسکتا ہے۔
ڈاکٹر الزیودی کے مطابق بینن کی مارکیٹ مختلف اقسام کے آلات، الیکٹرانکس، مشینری اور اسپیئر پارٹس درآمد کرتی ہے، جو صنعتی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں کی براہ راست معاونت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاہدہ خدمات اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بھی نئے مواقع پیدا کرے گا۔ اس ضمن میں انہوں نے آج ہونے والے گول میز اجلاس کے دوران قابل تجدید توانائی کے شعبے میں ایک معاہدے پر دستخط کا حوالہ دیا۔
انہوں نے بتایا کہ اماراتی کمپنیاں پہلے ہی بینن میں کام کر رہی ہیں اور کپاس کی دستیابی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملبوسات کی فیکٹریوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ قیمتی دھاتیں، خصوصاً سونا، دوطرفہ تجارت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے جبکہ الیکٹرانکس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی نمایاں مواقع موجود ہیں۔
ڈاکٹر الزیودی نے لاجسٹکس کے شعبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بینن ہمسایہ ممالک کے لیے ایک اہم تجارتی دروازہ ہے اور افریقہ سے مختلف اشیا عالمی منڈیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ سامان اور خدمات کی نقل و حرکت آسان بنانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان لاجسٹک رابطوں کو مزید مضبوط کرنے پر کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ افریقی براعظم میں امارات کی موجودگی کو مزید مضبوط کرے گا اور ملک کے سرمایہ کاری کے تجربے کو بینن تک وسعت دے گا۔ معاہدہ امارات کے جامع اقتصادی شراکت داری پروگرام کا حصہ ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی منڈیوں میں تنوع پیدا کرنا اور اماراتی کمپنیوں اور ملک میں مقیم کاروباری اداروں کی عالمی موجودگی کو وسعت دینا ہے۔