عالمی دارالحکومت، 26 اکتوبر، 2026 (وام) -- شمالی یورپ میں اتوار کو شدید طوفانوں کے باعث ایک شخص ہلاک ہوگیا، جبکہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد گھروں کی بجلی منقطع اور فضائی، زمینی سفر اور مواصلاتی نظام متاثر ہوا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جنوب مغربی اسکاٹ لینڈ میں ایک شخص درخت گرنے سے ہلاک ہوا، جبکہ شمالی فرانس کے شہر لیل میں میراتھن کے دوران تیز ہواؤں سے درخت گرنے کے نتیجے میں ایک رنر زخمی ہوگیا۔
برطانیہ، فرانس اور جرمنی میں حکام کے مطابق طوفان بوئیلو اور آسٹن کے 24 گھنٹوں کے وقفے سے گزرنے کے باعث برطانیہ میں 82 ہزار سے زائد، فرانس میں تقریباً 60 ہزار اور جرمنی میں کم از کم 10 ہزار گھروں کی بجلی منقطع ہوئی۔
برطانیہ کی انرجی نیٹ ورکس ایسوسی ایشن نے بتایا کہ طوفانوں کے دوران مختلف اوقات میں 4 لاکھ سے زائد گھروں کی بجلی بند ہوئی۔
مغربی اسکاٹ لینڈ کے آرگیل اینڈ بیوٹ علاقے میں ہوا کی رفتار 135 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی۔ طوفان سے درخت اور بجلی کی تاریں گرنے کے باعث اسکاٹ لینڈ اور شمالی انگلینڈ میں متعدد سڑکیں اور ریلوے لائنیں بند ہوگئیں، جبکہ حکام نے بعض علاقوں میں سیلاب کے خطرے سے بھی خبردار کیا۔
فرانس میں اتوار دوپہر تک تقریباً 59 ہزار گھر بجلی سے محروم تھے، جن میں زیادہ تر نارمنڈی اور بریٹنی کے علاقوں میں واقع ہیں۔ جرمنی میں طوفان آسٹن کے باعث فریبرگ-بریسگاؤ اور گردونواح میں 10 ہزار گھروں کی بجلی منقطع ہوئی۔ بجلی اور موبائل فون نیٹ ورک متاثر ہونے کے باعث شہر کے مرکزی اسپتال کو خدمات ہنگامی کیسز تک محدود کرنا پڑیں۔
طوفانوں نے نیدرلینڈز اور بیلجیم کو بھی متاثر کیا، جہاں برسلز میں ہفتے کے روز درخت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے۔ شمالی یورپ بھر میں سیکڑوں پروازیں منسوخ یا دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دی گئیں، جبکہ ایمسٹرڈیم کے شیفول ہوائی اڈے پر تقریباً 90 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
برطانیہ کے قومی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ طوفان بوئیلو کے دوران اڑتے ملبے اور بلند سمندری لہروں سے خطرات لاحق ہوسکتے ہیں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی۔