امارات میں لائسنس یافتہ مالیاتی کمپنیوں کی تعداد 43 فیصد بڑھ گئی

امارات میں لائسنس یافتہ مالیاتی کمپنیوں کی تعداد 43 فیصد بڑھ گئی

ابوظہبی، 26 اکتوبر، 2026 (وام) -- کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی (سی ایم اے) نے کہا ہے کہ 2026 کے پہلے 9 ماہ کے دوران متحدہ عرب امارات کی کیپٹل مارکیٹس اور اہم ریگولیٹری اشاریوں میں مضبوط کارکردگی برقرار رہی، جبکہ لائسنس یافتہ کمپنیوں کی تعداد سالانہ بنیاد پر 43 فیصد اور منظور شدہ مالیاتی ماہرین کی تعداد 64 فیصد بڑھ گئی۔

اتھارٹی کے مطابق عالمی منڈیوں میں بدلتے حالات کے باوجود اماراتی کیپٹل مارکیٹس نے استحکام برقرار رکھا۔ ستمبر 2026 کے اختتام پر ابوظہبی سیکیورٹیز ایکسچینج (اے ڈی ایکس) اور دبئی فنانشل مارکیٹ (ڈی ایف ایم) کی مجموعی مارکیٹ ویلیو 3.7 ٹریلین درہم رہی، جبکہ پہلے 9 ماہ میں مجموعی کاروباری مالیت 408 ارب درہم تک پہنچ گئی۔

غیر ملکی سرمایہ کاروں کا مجموعی کاروبار میں حصہ 49 فیصد رہا، جبکہ اے ڈی ایکس اور ڈی ایف ایم کے عمومی انڈیکس ستمبر 2025 کے مقابلے میں بلند سطح پر بند ہوئے۔ تیسری سہ ماہی کے دوران مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ بھی کم ہوا۔

سرمایہ اکٹھا کرنے کی سرگرمیاں بھی جاری رہیں اور پہلے 9 ماہ کے دوران بانڈز اور صکوک کا مجموعی اجرا 576 ارب درہم تک پہنچ گیا، جبکہ کمپنیوں نے تقریباً 3.4 ارب درہم کا سرمایہ بڑھایا۔

سرمایہ کاری فنڈز کے شعبے میں مقامی فنڈز کی تعداد سالانہ بنیاد پر 94 فیصد بڑھ کر 97 ہوگئی، جبکہ تیسری سہ ماہی کے دوران ان کے زیر انتظام اثاثوں کی مالیت 30 فیصد اضافے سے 28.6 ارب درہم تک پہنچ گئی۔

سرمایہ کاروں کے تحفظ اور قوانین پر عمل درآمد کو اتھارٹی کی ترجیحات میں مرکزی حیثیت حاصل رہی۔ پہلے 9 ماہ میں عائد مالی جرمانوں کی تعداد 246 فیصد بڑھی، جبکہ ان کی مجموعی مالیت 23 فیصد اضافے سے 12.9 ملین درہم ہوگئی۔

اس عرصے میں جاری کردہ انتباہات کی تعداد میں 767 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ موصولہ شکایات میں 192 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اتھارٹی کے مطابق صارفین کو تقریباً 1.2 ارب درہم واپس دلائے گئے، جو 2025 کی اسی مدت میں صرف 8 ملین درہم تھے۔

کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ولید سعید العوضی نے کہا کہ اتھارٹی امارات کی متنوع اور مسابقتی معیشت کے اہداف کے مطابق ریگولیٹری نظام کو مزید مؤثر بنانے، سرمایہ کاروں کے تحفظ اور مارکیٹ میں شفافیت بڑھانے کے ساتھ جدید ٹیکنالوجیز کے ذمہ دارانہ استعمال پر توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2026 میں عالمی مالیاتی منڈیوں کو درپیش چیلنجز کے باوجود اماراتی کیپٹل مارکیٹس نے مضبوط ریگولیٹری بنیادوں اور جدید انفراسٹرکچر کی بدولت لچک اور موافقت کا مظاہرہ کیا۔ لائسنس یافتہ کمپنیوں میں اضافہ اور سرمایہ اکٹھا کرنے کی مسلسل سرگرمیاں مارکیٹ کی مضبوطی کی عکاسی کرتی ہیں۔

رپورٹنگ مدت کے دوران 2025 کے وفاقی فرمان قوانین نمبر 32 اور 33 پر عمل درآمد شروع ہوا، جو یکم جنوری 2026 سے نافذ ہوئے اور جن کے ذریعے سی ایم اے کی ریگولیٹری خودمختاری، نگرانی کے اختیارات، سرمایہ کاروں کے تحفظ اور مارکیٹ کے استحکام کے طریقہ کار کو مزید مضبوط بنایا گیا۔

اتھارٹی نے اس دوران 6 ریگولیٹری ضوابط جاری کیے، جن میں ورچوئل اثاثوں کے لیے جامع ریگولیٹری فریم ورک، بازل تھری کے مطابق لائسنس یافتہ اداروں کے لیے سرمائے کی ضروریات اور ضمانتی اثاثوں کے استعمال میں زیادہ لچک شامل ہے۔

مزید 7 قانون سازی کی تجاویز پر کام جاری ہے، جبکہ کارپوریٹ گورننس سے متعلق معلومات کے افشا کے حوالے سے مشاورتی دستاویز بھی جاری کی گئی۔

ورچوئل اثاثوں کے ریگولیٹری فریم ورک پر عمل درآمد بھی آگے بڑھایا گیا اور تیسری سہ ماہی کے دوران نئی ڈیجیٹل سروس کے ذریعے 102 ورچوئل اثاثے ٹریڈنگ کے لیے رجسٹر کیے گئے۔

سرمایہ کاروں میں آگاہی بڑھانے کے لیے پہلے 9 ماہ میں 224 آگاہی سرگرمیاں منعقد کی گئیں، جن میں 5 مہمات شامل تھیں، جن کا مقصد مالیاتی آگاہی، ذمہ دارانہ سرمایہ کاری اور مارکیٹ کے خطرات سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔

ڈیجیٹل مالیاتی ابلاغ کی نگرانی بھی بڑھائی گئی اور 88 نئے مالیاتی انفلوئنسرز رجسٹر کیے گئے، جو سالانہ بنیاد پر 125 فیصد اضافہ ہے۔ ستمبر 2026 کے اختتام تک رجسٹرڈ مالیاتی انفلوئنسرز کی مجموعی تعداد 198 ہوگئی۔

بین الاقوامی ریگولیٹری تعاون کے تحت سی ایم اے نے قازقستان، ہانگ کانگ اور ماریشس کے ریگولیٹری اداروں کے ساتھ 3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے اور ہم منصب اداروں کے ساتھ 23 اجلاس منعقد کیے۔

سی ایم اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ولید سعید العوضی کو 2026 سے 2028 کے لیے انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف سیکیورٹیز کمیشنز (آئیسکو) کی افریقہ اور مشرق وسطیٰ کی علاقائی کمیٹی کا دوبارہ چیئرمین منتخب کیا گیا۔

اتھارٹی نے کہا کہ آئندہ مرحلے میں مصنوعی ذہانت اور اثاثوں کی ٹوکنائزیشن سمیت ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو ریگولیٹری اور ڈیجیٹل تبدیلی کے منصوبوں میں ترجیح دی جائے گی، تاکہ مارکیٹ کی نگرانی کو جدید بنایا جاسکے، ذمہ دارانہ جدت کو فروغ ملے اور مضبوط ریگولیٹری فریم ورک کے تحت سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکیں۔