العین، 26 اکتوبر، 2026 (وام) -- متحدہ عرب امارات یونیورسٹی (یو اے ای یو) کی ایک تحقیقی ٹیم نے ایسا فوٹوکیٹالسٹ تیار کیا ہے جو روشنی کی مدد سے پانی میں موجود اینٹی بائیوٹک ادویات کی باقیات ختم کرنے کے ساتھ صاف ایندھن ہائیڈروجن بھی پیدا کرسکتا ہے۔
'آلودہ پانی سے صاف توانائی تک' کے عنوان سے تیار کردہ اس منصوبے میں پانی کی آلودگی کے مسئلے سے نمٹنے اور پائیدار توانائی کے حل کو ایک ہی ٹیکنالوجی کے ذریعے یکجا کیا گیا ہے۔
تجربات کے دوران ایل ای ڈی لائٹس سے حاصل ہونے والی مرئی روشنی کے ذریعے 90 منٹ میں اینٹی بائیوٹک سیپروفلوکساسین کی 98 فیصد سے زائد مقدار پانی سے ختم کی گئی، جبکہ اس کا 88 فیصد حصہ بے ضرر مادوں میں تبدیل ہوگیا۔ ہائیڈروجن کی پیداوار بھی کیٹالسٹ میں شامل دونوں مادوں کو الگ الگ استعمال کرنے کے مقابلے میں 5 گنا زیادہ رہی۔
یہ تحقیق فضلے کے پانی میں اینٹی بائیوٹک ادویات کی باقیات، ان کے ماحولیاتی اثرات اور بیکٹیریا میں اینٹی بائیوٹک مزاحمت بڑھنے کے مسئلے سے نمٹنے پر مرکوز ہے۔ منصوبے کا مقصد روشنی کے ذریعے ان آلودہ مادوں کو توڑنے کے ساتھ اسی عمل سے ہائیڈروجن پیدا کرنا ہے۔
تحقیقی ٹیم نے مینگنیز ڈائی آکسائیڈ اور زنک انڈیم سلفائیڈ کو یکجا کیا جبکہ مینگنیز ڈائی آکسائیڈ کی سطح کو فاسفیٹ سے ٹریٹ کیا گیا۔ اس عمل سے روشنی کے لیے کیٹالسٹ کا ردعمل بہتر ہوا اور آلودہ مادوں کو ختم کرنے اور ہائیڈروجن پیدا کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا۔
فوٹوکیٹالسٹ روشنی کے ذریعے برقی چارج پیدا کرتا ہے جو کیمیائی عمل کو متحرک کرتے ہیں۔ عام طور پر یہ چارج تیزی سے دوبارہ یکجا ہوجاتے ہیں جس سے ان کی افادیت کم ہوجاتی ہے، تاہم فاسفیٹ ٹریٹمنٹ نے انہیں زیادہ دیر تک الگ رکھنے میں مدد دی، جس سے آلودہ مادوں کے خاتمے اور صاف ایندھن کی تیاری میں ان کا زیادہ مؤثر استعمال ممکن ہوا۔
تحقیق کے نتائج مستقبل میں ایسی ٹیکنالوجیز کی تیاری کی راہ ہموار کرتے ہیں جو سورج کی روشنی استعمال کرکے آلودہ پانی کو صاف کرنے کے ساتھ قابل تجدید توانائی بھی پیدا کرسکیں۔ اگرچہ موجودہ تجربات مرئی روشنی کی لیمپس کے تحت کیے گئے، تاہم یہ پانی کے وسائل کے تحفظ اور توانائی کی ضروریات کو ایک ساتھ پورا کرنے کی سمت اہم تحقیقی پیش رفت ہے۔
تحقیقی ٹیم میں متحدہ عرب امارات یونیورسٹی کے کالج آف انجینئرنگ کے پروفیسر محمد نور التراونہ اور ڈاکٹر رنجیت باریکی، ابوظبی پولی ٹیکنک کے ڈاکٹر لبیب علی اور پروفیسر محمد نور التراونہ کی نگرانی میں پی ایچ ڈی طالب علم محمد الکعبی شامل تھے۔
یہ منصوبہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے، پائیداری کی حمایت اور سائنسی تحقیق کو معاشرتی ضروریات سے جوڑنے کے لیے متحدہ عرب امارات یونیورسٹی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔