دبئی چیمبرز کی دنیا کی پہلی ایجنٹک اے آئی مارکیٹ پلیس متعارف

دبئی چیمبرز کی دنیا کی پہلی ایجنٹک اے آئی مارکیٹ پلیس متعارف

دبئی، 27 اکتوبر، 2026 (وام) -- دبئی چیمبرز نے 'چیمبر اے آئی ہب' کے نام سے دنیا کی پہلی ایسی ایجنٹک اے آئی مارکیٹ پلیس متعارف کرادی ہے جو کسی چیمبر کی قیادت میں قائم کی گئی ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے دبئی میں کام کرنے والی کمپنیاں انتظامی اور آپریشنل امور کے لیے تیار شدہ اور خصوصی مصنوعی ذہانت کے حل استعمال کرسکیں گی۔

یہ اقدام دبئی کے ولی عہد، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کی ہدایات کے تحت نجی شعبے میں ایجنٹک اے آئی کے استعمال کو تیز کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے، جس کی نگرانی دبئی چیمبرز کر رہا ہے۔

پلیٹ فارم پر فی الحال 7 شعبوں میں 22 خصوصی اے آئی ایجنٹس دستیاب ہیں، جن میں قواعد کی تعمیل، خریداری، آپریشنز، مالیات، فروخت، انسانی وسائل اور لاجسٹکس شامل ہیں۔ مستقبل میں ان کی تعداد بڑھا کر 100 کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

دبئی چیمبرز کے ارکان اپنی کاروباری ضروریات کے مطابق موزوں اے آئی ایجنٹ کا انتخاب کرکے دستیاب پیکجز سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

دبئی چیمبرز کے چیئرمین انجینئر سلطان بن سعید المنصوری نے کہا کہ ایجنٹک اے آئی کی جانب منتقلی کی کامیابی صرف ٹیکنالوجی اپنانے سے نہیں بلکہ اس کے مؤثر استعمال، کاروباری مسائل کے حل اور عملی نتائج کے حصول سے وابستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دبئی چیمبرز علم کو عملی اطلاق سے جوڑنے، ادارہ جاتی صلاحیتیں بڑھانے اور کمپنیوں کو معیاری و خصوصی اے آئی حل تک رسائی فراہم کرنے پر توجہ دے رہا ہے، تاکہ نجی شعبہ تکنیکی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہو اور مستقبل کی معیشت کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکے۔

پروگرام کے تحت 2 سال میں 2 لاکھ 95 ہزار سے زائد نجی شعبے کی کمپنیوں کو معاونت فراہم کرنے اور 100 خصوصی اے آئی ایجنٹس متعارف کرانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

اس کے علاوہ دبئی چیمبر آف کامرس کے تحت کام کرنے والے بزنس گروپس اور بزنس کونسلز کی 14 ہزار کمپنیوں کو انتظامی اور آپریشنل امور میں ایجنٹک اے آئی ٹیکنالوجی کے استعمال کی تربیت دینے کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام بھی شروع کیے گئے ہیں۔

پروگرام میں ایجنٹک اے آئی حل تیار اور استعمال کرنے والی کمپنیوں کی ترقی، علم و تجربے کے تبادلے اور دبئی چیمبرز کے نظام میں ادارہ جاتی صلاحیتوں کے فروغ پر بھی توجہ دی جائے گی۔