• نئی سالانہ قومی مناسبت ہر سال 7 جنوری کو منائی جائے گی، جس کا مقصد شیخ زاید کی زندگی اور میراث کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور لوگوں کو ان کی اقدار کو عملی زندگی میں اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔
• پہلا ’زاید دی فاؤنڈر ڈے‘ 7 جنوری 2027 کو منایا جائے گا، جو شیخ زاید کی زندگی، قیادت اور اقدار کو مزید گہرائی سے سمجھنے اور ان کے اثرات کو پورے سال جاری رکھنے کے لیے ایک قومی موقع فراہم کرے گا۔
ابوظہبی، 28 اکتوبر 2026 (وام) --متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے ہر سال 7 جنوری کو ’زاید دی فاؤنڈر ڈے‘ منانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ نئی قومی مناسبت متحدہ عرب امارات کے بانی مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کی زندگی، خدمات اور اقدار کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور ان کے اصولوں کو آنے والی نسلوں تک منتقل کرنے کے لیے مختص ہوگی۔
’زاید دی فاؤنڈر ڈے‘ پہلی بار 7 جنوری 2027 کو منایا جائے گا۔ اس دن کا مقصد شیخ زاید کی میراث اور اقدار کو صرف یاد کرنا نہیں بلکہ انہیں معاشرے میں عملی طور پر زندہ رکھنا اور موجودہ و آئندہ نسلوں کی زندگی کا حصہ بنانا ہے۔
7 جنوری، یعنی 7/1، کے انتخاب میں بھی علامتی اہمیت ہے۔ یہ شیخ زاید کے اس قومی وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت سات امارات ایک متحد ملک بنے، جبکہ یہ 1971 کی بھی یاد دلاتا ہے، جب متحدہ عرب امارات کا قیام عمل میں آیا۔
یہ قومی دن شیخ زاید کی زندگی اور قیادت کو مزید گہرائی سے سمجھنے، ان کی اختیار کردہ اقدار پر غور کرنے اور ان اصولوں کو ملک اور معاشرے کی مستقبل کی رہنمائی کا ذریعہ بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔
اس مناسبت کے تحت سرکاری و نجی ادارے، برادریاں، اسکول، خاندان اور افراد مختلف پروگراموں، سرگرمیوں اور اقدامات کے ذریعے شیخ زاید کی میراث سے جڑ سکیں گے۔ ان سرگرمیوں کا مقصد یاد اور خراجِ تحسین کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا اور اس دن کے اثرات کو پورے سال جاری رکھنا ہے۔
اس اقدام کے ذریعے دنیا بھر میں بھی شیخ زاید کی شخصیت، ان کی قیادت اور دیرپا اثرات سے متعلق آگاہی بڑھانے کی کوشش کی جائے گی، تاکہ متحدہ عرب امارات کے اندر اور بیرون ملک مختلف عمروں اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد ان کی اقدار سے متاثر ہو سکیں۔
متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے کہاکہ، "مرحوم شیخ زاید کی میراث متحدہ عرب امارات کی شناخت اور ان اقدار میں گہرائی سے رچی بسی ہے جو آج بھی ہمارے ملک کی رہنمائی کرتی ہیں۔ اتحاد، انسان، سخاوت اور آنے والی نسلوں کے لیے ہماری ذمہ داری پر ان کے یقین نے ان بنیادوں کو تشکیل دیا جن پر ہمارا ملک قائم ہوا اور آج بھی ترقی کر رہا ہے۔"
انہوں نے کہاکہ، "زاید دی فاؤنڈر ڈے کے ذریعے ہم ان کی زندگی اور کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان اصولوں کو آگے بڑھائیں گے جن کی انہوں نے عملی مثال قائم کی۔ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ آنے والی نسلیں ان اقدار کے حقیقی مفہوم اور بدلتی ہوئی دنیا میں ان کی مسلسل اہمیت کو سمجھیں۔ شیخ زاید کی اقدار محض محفوظ رکھنے والی میراث نہیں بلکہ رہنمائی کا ایسا سرچشمہ ہیں جو ہمیں اپنے وطن کی تعمیر جاری رکھنے اور سب کے لیے بہتر مستقبل میں کردار ادا کرنے کی تحریک دیتی ہیں۔"
’زاید دی فاؤنڈر ڈے‘ کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ نئی نسلیں شیخ زاید کی میراث کو متحدہ عرب امارات کی تاریخ کے ایک حصے کے ساتھ ساتھ مسلسل رہنمائی اور تحریک کے ذریعہ کے طور پر سمجھیں۔
یہ دن نوجوان نسل کو ان فیصلوں، اصولوں اور اقدار کو جاننے کا موقع فراہم کرے گا جنہوں نے متحدہ عرب امارات کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا، اور انہیں یہ سوچنے کی ترغیب دے گا کہ وہ ان اقدار کو اپنی زندگی میں کس طرح اپناتے ہوئے ملک کے مستقبل میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔
’زاید دی فاؤنڈر ڈے‘ تمام عمروں، قومیتوں اور مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے ہوگا، جو شیخ زاید کے اس یقین کی عکاسی کرتا ہے کہ احترام، وقار، باہمی سمجھ بوجھ اور تعاون ایک مضبوط و خوشحال معاشرے اور محفوظ و پرامن دنیا کی بنیاد ہیں۔
ہر سال اس دن کے موقع پر تعلیم، ثقافت، تحقیق، مواد کی تیاری، سماجی شمولیت، تقریبات اور عوامی سرگرمیوں سے متعلق مختلف منصوبوں اور اقدامات کو اجاگر کیا جائے گا۔ یہ سرگرمیاں صرف 7 جنوری تک محدود نہیں رہیں گی بلکہ پورے سال جاری رہیں گی۔
اس قومی دن کے آغازِ سال میں انعقاد کا انتخاب بھی دانستہ طور پر کیا گیا ہے۔ نئے سال کے آغاز پر جب اسکول، ادارے اور کام کی جگہیں اپنی سرگرمیاں شروع کرتے ہیں، 7 جنوری متحدہ عرب امارات کی عوام کو شیخ زاید کی اقدار سے دوبارہ جڑنے، ان کے اصولوں سے وابستگی کی تجدید کرنے اور انہیں پورے سال اپنی زندگی اور کام میں آگے بڑھانے کا قومی موقع فراہم کرے گا۔
’زاید دی فاؤنڈر ڈے‘ دی فاؤنڈرز آفس کا اقدام ہے، جسے مرحوم شیخ زاید کی زندگی، میراث اور اقدار کے تحفظ، ان سے متعلق آگاہی میں اضافے اور معاشرے کی ان سے وابستگی کو فروغ دینے والے اقدامات کی رہنمائی اور معاونت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
دی فاؤنڈرز آفس اس قومی دن اور سال بھر جاری رہنے والے متعلقہ اقدامات کے ذریعے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے گا کہ شیخ زاید کی میراث نسل در نسل زندہ، مؤثر اور رہنمائی و تحریک کا مستقل ذریعہ بنی رہے۔