متحدہ عرب امارات اور بینن کا اقتصادی تعاون کے نئے مواقع کا جائزہ

متحدہ عرب امارات اور بینن کا اقتصادی تعاون کے نئے مواقع کا جائزہ

ابوظہبی، 29 اکتوبر 2026 (وام) -- وزارت برائے خارجہ تجارت نے ابوظہبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے متحدہ عرب امارات اور بینن کے درمیان کاروباری گول میز اجلاس کا انعقاد کیا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے 'سیپا' کے تحت تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیر خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی، وزارت خارجہ میں افریقی امور کے نائب ڈائریکٹر شیخ محمد بن خلیفہ آل نہیان اور ابوظہبی چیمبر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خالد بن ہادی نے شرکت کی۔

بینن کے وفد میں وزیر سیاحت و خارجہ تجارت اور صنعت و نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے امور کے ذمہ دار اولوشیگن ادجادی باکاری اور وزیر خارجہ کورین اموری برونیٹ کے علاوہ اعلیٰ حکام اور نجی شعبے کے نمائندے شامل تھے۔

ڈاکٹر ثانی الزیودی نے کہا کہ گول میز اجلاس نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں کو عملی سرمایہ کاری منصوبوں اور شراکت داریوں میں تبدیل کرنے کا اہم موقع فراہم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تقریباً 7.5 فیصد اقتصادی شرح نمو کے ساتھ بینن مغربی افریقہ کی تیزی سے ترقی کرتی معیشتوں میں شامل ہے، جہاں مینوفیکچرنگ، بنیادی ڈھانچے اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں نمایاں مواقع موجود ہیں۔

ڈاکٹر ثانی الزیودی کے مطابق متحدہ عرب امارات بالخصوص لاجسٹکس، مینوفیکچرنگ، توانائی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں میں افریقہ کی ابھرتی ہوئی منڈیوں میں اپنی کاروباری اور سرمایہ کاری موجودگی کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

ڈاکٹر ثانی الزیودی نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات اور بینن کے درمیان غیر تیل تجارت 2025 میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 63.5 فیصد اضافے کے ساتھ تقریباً 2.15 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی۔

انہوں نے کہا کہ جامع اقتصادی شراکت داری معاہدہ کسٹمز ڈیوٹیز میں کمی، تجارتی طریقہ کار کو آسان بنانے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو دونوں منڈیوں میں نئے مواقع تک رسائی فراہم کرکے تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دے گا۔

انہوں نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں پر زور دیا کہ وہ معاہدے سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے طویل مدتی شراکت داریاں قائم کریں۔ انہوں نے افریقی منڈیوں میں اماراتی کمپنیوں کی توسیع میں نجی شعبے کے اہم کردار پر بھی زور دیا۔

شیخ محمد بن خلیفہ النہیان نے کہا کہ یہ معاہدہ تجارت میں سہولت، منڈیوں تک بہتر رسائی اور باہمی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے ذریعے اقتصادی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے دونوں ممالک کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے بینن میں ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، لاجسٹکس اور زراعت کے شعبوں میں اماراتی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کی نشاندہی کرتے ہوئے تجارتی طور پر قابل عمل منصوبوں کی ترقی میں نجی شعبے کی شرکت کی اہمیت پر زور دیا۔

اولوشیگن ادجادی باکاری نے دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بینن بین الاقوامی منڈیوں تک اپنی رسائی بڑھانے کے لیے عالمی تجارتی مرکز کی حیثیت سے متحدہ عرب امارات کے مقام اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔

انہوں نے بینن کی مضبوط مالیاتی پالیسیوں، سازگار ترقیاتی امکانات اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سیپا اور دیگر دوطرفہ معاہدے دونوں ممالک کے اقتصادی تعاون میں ایک نئے مرحلے کا آغاز ہیں۔

انہوں نے اماراتی کمپنیوں کو بینن میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک 40 کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل مغربی افریقی منڈیوں تک رسائی کے لیے اہم دروازہ بن سکتا ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان براہ راست شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقتصادی وفود کے باقاعدہ تبادلوں پر بھی زور دیا۔

خالد بن ہادی نے کہا کہ ابوظہبی چیمبر نے 2022 میں بینن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے۔

انہوں نے خوراک کی پروسیسنگ، ہلکی صنعت، تعمیراتی مواد، لاجسٹکس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں موجود مواقع کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ان سے سپلائی چینز کو مضبوط بنانے اور نئے کاروباری مواقع پیدا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

خالد بن ہادی کے مطابق ابوظہبی کا جدید بنیادی ڈھانچہ اور عالمی کاروباری روابط، بینن کی صنعتی ترقی کی صلاحیت اور مغربی افریقی منڈیوں تک رسائی کے ساتھ مل کر ایسی شراکت داریوں کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں جو اقتصادی تنوع اور علاقائی اقتصادی روابط کو فروغ دے سکتی ہیں۔