ناسداک دبئی میں شارجہ اسلامک بینک کے 50 کروڑ ڈالر کے سکوک کی لسٹنگ

ناسداک دبئی میں شارجہ اسلامک بینک کے 50 کروڑ ڈالر کے سکوک کی لسٹنگ

دبئی، 29 اکتوبر، 2026 (وام) -- ناسداک دبئی نے شارجہ اسلامک بینک کی جانب سے 50 کروڑ امریکی ڈالر مالیت کے سکوک کی لسٹنگ کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر مارکیٹ کھولنے کی گھنٹی بجانے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔

5 سالہ سینئر اَن سیکیورڈ سکوک پر منافع کی شرح 5.850 فیصد مقرر کی گئی ہے اور ان کی میچورٹی ستمبر 2031 میں ہوگی۔ اجرا کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی جانب سے 1.3 ارب ڈالر کے آرڈرز موصول ہوئے۔

سکوک کی قیمت امریکی 5 سالہ ٹریژری بانڈز سے 105 بیسس پوائنٹس زائد مقرر کی گئی ہے، جبکہ ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز نے انہیں اے مائنس ریٹنگ دی ہے۔ یہ سکوک ناسداک دبئی اور یورونیکسٹ ڈبلن دونوں میں لسٹ کیے گئے ہیں۔

شارجہ اسلامک بینک اب تک ناسداک دبئی میں مجموعی طور پر 5.5 ارب ڈالر مالیت کے 11 سکوک اجرا لسٹ کرچکا ہے۔

لسٹنگ کے موقع پر شارجہ اسلامک بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد سعد ابراہیم نے ناسداک دبئی اور دبئی فنانشل مارکیٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حامد علی کی موجودگی میں مارکیٹ کھولنے کی گھنٹی بجائی۔

احمد سعد ابراہیم نے کہا کہ سکوک اجرا کی کامیابی اور مضبوط سرمایہ کار طلب بینک کی مالی مضبوطی، کارکردگی اور واضح حکمت عملی پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کے مطابق یہ اجرا بینک کے فنڈنگ ذرائع میں تنوع اور مستقبل کے ترقیاتی مواقع سے فائدہ اٹھانے کی صلاحیت کو بھی مضبوط کرے گا۔

حامد علی کے مطابق شارجہ اسلامک بینک گزشتہ 2 دہائیوں سے مستقل طور پر عالمی کیپیٹل مارکیٹس تک رسائی حاصل کرتا رہا ہے اور نئی لسٹنگ ناسداک دبئی کے ساتھ اس کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط کرتی ہے۔

ناسداک دبئی میں اس وقت سکوک کی مجموعی زیرِ گردش لسٹنگز کی مالیت 98.2 ارب ڈالر ہے، جبکہ ایکسچینج میں مجموعی زیرِ گردش قرضہ جاتی لسٹنگز 144.6 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔ ناسداک دبئی علاقائی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو اجرا کنندگان سے جوڑنے اور سرحد پار سرمائے کے بہاؤ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔