متحدہ عرب امارات میں یومِ پرچم کل منایا جائے گا

متحدہ عرب امارات میں یومِ پرچم کل منایا جائے گا

ابوظہبی، 2 نومبر 2026 (وام) -- متحدہ عرب امارات میں منگل کو یومِ پرچم سرکاری اور عوامی سطح پر منایا جائے گا، اس موقع پر ملک بھر کی وزارتوں، سرکاری اداروں، اسکولوں، جامعات، گھروں اور عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا جائے گا۔

یومِ پرچم ایک سالانہ قومی مناسبت ہے جو شہریوں اور رہائشیوں کی وطن اور قیادت سے وابستگی و وفاداری کے ساتھ بانی رہنماؤں سے ورثے میں ملنے والی اقدار اور اصولوں سے وابستگی کی عکاسی کرتی ہے۔

نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ملک بھر کے شہریوں، رہائشیوں اور اداروں سے 3 نومبر کو قومی پرچم لہرانے کی اپیل کی ہے، تاکہ ایک پرچم تلے قومی اتحاد، یکجہتی، وابستگی اور وفاداری کا اظہار کیا جا سکے۔

عزت مآب شیخ محمد بن راشد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہاکہ، "بھائیو اور بہنو، 3 نومبر کو ہم ایک اہم قومی موقع مناتے ہیں جو وطن سے ہماری محبت، فخر اور وفاداری کی عکاسی کرتا ہے۔ ہم یومِ پرچم مناتے ہیں۔ ہم تمام شہریوں اور رہائشیوں، اداروں اور وزارتوں، اسکولوں اور جامعات اور تمام امارات کے گھروں سے اپیل کرتے ہیں کہ قومی پرچم کو فخر اور سربلندی کے ساتھ وطن کی فضاؤں میں بلند کریں۔ یہ ایک ایسا قومی لمحہ ہے جب وطن اور اس کے بیٹے اپنی عزت و وقار کی علامت کے سامنے یکجا ہوتے ہیں۔ وطن سلامت رہے، پرچم ہمیشہ بلند رہے۔‘‘

یہ قومی مناسبت شہریوں اور رہائشیوں کے درمیان پرامن بقائے باہمی کی اقدار کو بھی اجاگر کرتی ہے اور رواداری و ہم آہنگی کے مثالی ملک کی حیثیت سے متحدہ عرب امارات کے مقام کو مزید مضبوط بناتی ہے۔

یومِ پرچم کی تقریبات میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے مرد، خواتین، نوجوان اور بچے شریک ہو کر متحدہ عرب امارات سے اپنی محبت اور وابستگی کا مشترکہ اظہار کرتے ہیں۔