ابوظہبی، 3 نومبر، 2026 (وام) -- متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے یومِ پرچم کے موقع پر آج ابوظہبی کے قصر الحصن میں متحدہ عرب امارات کا پرچم لہرایا، جو قومی اتحاد، خودمختاری اور فخر کی علامت ہے۔
قومی ترانے کی دھن کے ساتھ منعقد ہونے والی پرچم کشائی کی تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 55 نمایاں اور باصلاحیت شخصیات نے شرکت کی، جو امارات کے قیام کے 55 سال کی نمائندگی کرتی ہیں۔
ان شخصیات کی شرکت قیادت کی جانب سے اعلیٰ کارکردگی، صلاحیت اور تخلیقی قابلیت کے فروغ کے عزم کے ساتھ ملک کی ترقی اور مستقبل کی ضروریات پوری کرنے میں ان کے کردار کے اعتراف کی عکاسی کرتی ہے۔
اس موقع پر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے کہاکہ، ’’یومِ پرچم کے موقع پر مجھے قصر الحصن میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 55 نمایاں شخصیات کے ہمراہ اماراتی پرچم لہرانے کا اعزاز حاصل ہوا، جو ہمارے اتحاد کے 55 سال کی نمائندگی کرتی ہیں۔ بانیِ امارات مرحوم شیخ زاید اور ان کے ساتھی حکمرانوں کے شروع کردہ اس سفر کو یاد کرتے ہوئے ہم اپنی عوام کی جانب پورے اعتماد سے دیکھتے ہیں، جن کے پختہ ارادے اور عزم امارات کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔‘‘
عزت مآب نے کہا کہ امارات کی عوام ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ اور اس کی طاقت و فخر کا سرچشمہ ہیں۔
تقریب میں شریک 55 شخصیات نے اس قومی موقع پر عزت مآب کے ہمراہ شرکت پر فخر کا اظہار کیا۔
عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے یومِ پرچم کی یادگار کے طور پر شرکاء کے ساتھ گروپ تصاویر بھی بنوائیں۔