فوزو، چین، 3 نومبر، 2026 (وام) -- چین کے جنوب مشرقی صوبہ فوجیان کے شہر فوزو میں منگل کو بیلٹ اینڈ روڈ میڈیا تعاون فورم 2026 کا آغاز ہوا، جس میں امارات نیوز ایجنسی،وام نے بھی شرکت کی۔
پیپلز ڈیلی اور صوبہ فوجیان کی عوامی حکومت کے مشترکہ زیر اہتمام منعقدہ فورم میں دنیا بھر سے میڈیا اور سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔ شرکاء نے ثقافتی تبادلوں کے فروغ اور بین الاقوامی اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے میں میڈیا کے کلیدی کردار پر زور دیا۔
چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی قومی کمیٹی کی نائب چیئرپرسن شیان ہوئی نے افتتاحی خطاب میں صوبہ فوجیان کی اسٹریٹجک اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اسے میری ٹائم سلک روڈ کے تاریخی نقطۂ آغاز کے طور پر نمایاں کیا۔
انہوں نے مختلف ممالک کے میڈیا اداروں کے درمیان تعاون مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا ترقیاتی تجربات کے تبادلے، باہمی افہام و تفہیم کے فروغ اور عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کی ترقی کے ساتھ آگے بڑھنے والا یہ فورم میڈیا اداروں کے درمیان مکالمے، تبادلوں اور عملی تعاون کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے۔
پیپلز ڈیلی کے صدر یو شاؤلیانگ نے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام میں شریک ممالک کے میڈیا اداروں کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ ان کے مطابق فورم عملی تعاون کے ساتھ باہمی افہام و تفہیم، اعتماد اور عوامی روابط کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز ڈیلی شریک ممالک کے میڈیا اداروں کے ساتھ پائیدار اور کثیرالجہتی تعاون کو وسعت دینے کے لیے کام کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں موجودہ تعاون کے طریقہ کار سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خبروں اور میڈیا مواد کے تبادلے، مشترکہ مواد کی تیاری، تحقیق و تکنیکی ترقی اور پیشہ ورانہ تربیت کو فروغ دینے پر توجہ دی جارہی ہے، تاکہ بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کی مشترکہ ترقی کی عکاسی کرنے والا معیاری مواد تیار کیا جاسکے۔
فورم کے اہم خطابات میں مواد اور تکنیکی مہارت کے تبادلے کے ذریعے شراکت داری مضبوط بنانے، ثقافتوں اور منڈیوں کے درمیان رابطوں کو پل کی حیثیت سے فروغ دینے اور مقامی اظہار کو عالمی تناظر سے جوڑنے کی اہمیت پر زور دیا گیا، تاکہ باہمی تفہیم کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جاسکیں اور عوام کو ایک دوسرے کے قریب لایا جاسکے۔
مقررین نے عالمی میڈیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے معقول اور معروضی طرزِ عمل کے تحت مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا، تاکہ مشترکہ خوشحالی اور پوری انسانیت کے لیے زیادہ مستحکم اور مربوط مستقبل سے متعلق معاشروں کی خواہشات کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جاسکے۔