ادیپیک 2026 میں ای جی اے ماسٹر کی صنعتی تحفظ اور کارکردگی بہتر بنانے والی جدید ٹیکنالوجیز پر توجہ

ادیپیک 2026 میں ای جی اے ماسٹر کی صنعتی تحفظ اور کارکردگی بہتر بنانے والی جدید ٹیکنالوجیز پر توجہ

ابوظہبی، 3 نومبر، 2026 (وام) -- صنعتی آلات تیار کرنے والی ہسپانوی کمپنی ای جی اے ماسٹر نے ادیپیک 2026 میں تیل و گیس کے شعبے میں آپریشنل تحفظ اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ٹارک کنٹرول اور آلات کے ڈیجیٹل انتظام کی جدید ٹیکنالوجیز پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔

ای جی اے ماسٹر کے بین الاقوامی فروخت کے ڈائریکٹر ڈیوڈ ایسٹیویز نے امارات نیوز ایجنسی، وام کو بتایا کہ کمپنی ایسی ٹیکنالوجیز متعارف کرا رہی ہے جن کی مدد سے صنعتی ادارے اپنے آلات اور مشینری کی نگرانی کر سکتے ہیں اور اہم مشینری میں استعمال ہونے والے بولٹس کو مقررہ معیار کے مطابق کسنے کو یقینی بنا سکتے ہیں، جس سے حادثات کے خطرات کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کمپنی پانچ دہائیوں سے زائد عرصے سے صنعتی شعبے کو خدمات فراہم کر رہی ہے اور اسے بالخصوص تیل و گیس کے شعبے میں خصوصی مہارت حاصل ہے۔

ڈیوڈ ایسٹیویز کے مطابق کمپنی صنعتی اداروں کو درپیش حفاظتی اور کارکردگی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل جدید حل تیار کر رہی ہے۔ رواں سال ادیپیک میں کمپنی کی توجہ خاص طور پر ٹارک کنٹرول اور آلات کے ذخیرے کے مؤثر انتظام پر مرکوز ہے۔

مشرق وسطیٰ کو کمپنی کی عالمی ترقی کے لیے اہم ترین منڈیوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ای جی اے ماسٹر نے 2018 میں دبئی میں اپنا پہلا علاقائی ذیلی دفتر قائم کیا تھا، جس کے بعد ابوظہبی میں بھی دفتر کھولا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی نے خطے میں توانائی کی بڑی کمپنیوں اور ٹھیکیداروں کے ساتھ مضبوط کاروباری تعلقات استوار کیے ہیں، جبکہ خطے میں اس کی موجودگی کمپنی کے کاروبار میں مشرق وسطیٰ کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔

صنعتی شعبے کی بدلتی ضروریات اور ماحولیاتی تقاضوں کے حوالے سے ڈیوڈ ایسٹیویز نے کہا کہ کمپنی جدت کے ذریعے محض مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق خود کو ڈھالنے کے بجائے مستقبل کی صنعتی ضروریات کا پیشگی اندازہ لگا کر ان کے لیے حل تیار کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔