ابوظہبی، 4 نومبر، 2026 (وام) -- بین الاقوامی قابل تجدید توانائی ایجنسی، آئرینا کے ڈائریکٹر جنرل فرانچسکو لا کامیرا نے کہا ہے کہ حالیہ عالمی جغرافیائی و سیاسی بحرانوں نے قابل تجدید توانائی میں سرمایہ کاری کی اہمیت واضح کر دی ہے، کیونکہ ماضی میں اس شعبے میں زیادہ سرمایہ کاری کرنے والے ممالک ان بحرانوں کے اثرات سے نسبتاً کم متاثر ہوئے۔
ابوظہبی میں 2 سے 5 نومبر تک جاری اڈیپیک 2026 کے موقع پر امارات نیوز ایجنسی، وام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا اب اس حقیقت کو تسلیم کر رہی ہے کہ قابل تجدید توانائی پر مبنی غیرمرکزی نظام توانائی کے تحفظ اور قابل اعتماد فراہمی کو یقینی بنانے میں زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔
فرانچسکو لا کامیرا نے بتایا کہ عالمی سطح پر توانائی کی طلب توقعات سے زیادہ تیزی سے بڑھ رہی ہے اور یہ رجحان آئندہ بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس صورتحال میں 2030 تک قابل تجدید توانائی کی پیداواری صلاحیت تین گنا کرنے کے عالمی ہدف پر نظرثانی کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا اس ہدف کے حصول کے بہت قریب پہنچ رہی ہے، تاہم توانائی کی مانگ میں تیز رفتار اضافے کے باعث پیداواری صلاحیت کو تین گنا کرنا بھی ناکافی ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے مزید بلند اہداف حاصل کرنا ضروری ہوگا۔
اکتوبر میں جاری ہونے والی آئرینا کی رپورٹ 'عالمی توانائی کی منتقلی کا جائزہ 2026: ڈیڑھ ڈگری سینٹی گریڈ کا ہدف' کے مطابق دنیا بھر میں توانائی کے حتمی استعمال میں بجلی کا حصہ موجودہ تقریباً 23 فیصد سے بڑھ کر 2035 تک 35 فیصد اور 2050 تک 50 فیصد سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
فرانچسکو لا کامیرا نے کہا کہ پیرس معاہدے کے اہداف کے مطابق توانائی کی منتقلی کو دوبارہ درست سمت میں لانے کے لیے ضروری ہے کہ 2035 تک بجلی کے استعمال کا حصہ 35 فیصد تک بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قابل تجدید توانائی کی پیداواری لاگت مسلسل کم ہو رہی ہے، جبکہ ہر سال اس کی نئی پیداواری صلاحیت میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے۔ نقل و حمل، عمارتوں اور صنعتی شعبوں میں بھی بجلی کے استعمال کو فروغ مل رہا ہے، تاہم مجموعی پیش رفت اب بھی ضرورت کے مقابلے میں سست اور مختلف خطوں میں غیر یکساں ہے۔
اڈیپیک 2026 کے اہم موضوعات میں شامل مصنوعی ذہانت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی توانائی کے شعبے میں وسیع امکانات رکھتی ہے۔ مصنوعی ذہانت کے ذریعے بجلی کی ترسیل کے نظام کی کارکردگی بہتر بنانے اور صنعتی شعبے میں توانائی کی کھپت کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
تاہم آئرینا کی رپورٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت اور بڑے ڈیٹا سینٹرز کی تیز رفتار ترقی سے بجلی کی طلب میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث بجلی کے ترسیلی نظام، توانائی ذخیرہ کرنے کی سہولیات اور ضرورت کے مطابق بجلی فراہم کرنے والے کم کاربن اخراج کے پیداواری ذرائع پر اضافی دباؤ بڑھ رہا ہے۔
اس بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے میں قابل تجدید توانائی کے کردار سے متعلق سوال پر فرانچسکو لا کامیرا نے کہا کہ توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام سے منسلک قابل تجدید ذرائع ڈیٹا سینٹرز کو درکار بجلی کی مستحکم فراہمی یقینی بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیٹا سینٹرز کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات پوری کرنا ممکن ہے اور اس مقصد کے لیے قابل تجدید توانائی ایک موزوں انتخاب ہے۔
اڈیپیک 2026 کے تیسرے روز توانائی کے نظام میں تبدیلی لانے والی جدید ٹیکنالوجیز پر خصوصی توجہ دی گئی۔ توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کے رہنماؤں نے مصنوعی ذہانت، خودکار نظاموں اور جدید ڈیٹا تجزیے کے ذریعے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو زیادہ ذہین، مؤثر اور مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
اڈیپیک 2026 جمعرات، 5 نومبر کو اختتام پذیر ہوگی۔