ابوظہبی، 5 نومبر، 2026 (وام) -- برطانوی کمپنی کیلڈر لمیٹڈ نے مشرق وسطیٰ میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لیے متحدہ عرب امارات کو اہم مارکیٹ قرار دیتے ہوئے ابوظہبی میں مقامی دفتر، صنعتی تنصیبات اور اسٹریٹجک شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔
کیلڈر لمیٹڈ کے سیلز ڈائریکٹر اسٹیو شارپ نے اڈیپیک 2026 کے موقع پر ایمریٹس نیوز ایجنسی، وام کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی مضبوط معیشت، جدید بنیادی ڈھانچہ اور کاروبار دوست ماحول کمپنی کے علاقائی توسیعی منصوبوں کے لیے اہم ہیں۔ تیل، گیس اور توانائی کے شعبوں میں صنعتی آلات اور تکنیکی حل فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے بھی یہاں وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابوظہبی میں توانائی کے شعبے کی متنوع سرگرمیاں اور خصوصی تکنیکی آلات و خدمات کی بڑھتی ہوئی مانگ کیلڈر کو اپنی کاروباری موجودگی مضبوط بنانے اور نئی منڈیوں تک رسائی کے اہم مواقع فراہم کرتی ہے۔
اسٹیو شارپ کے مطابق کمپنی ابوظہبی کی مارکیٹ میں داخلے کے لیے ادنوک کی رجسٹریشن اور اہلیت سے متعلق تقاضے پورے کرنے کے ساتھ قومی مقامی قدر افزائی پروگرام کی شرائط پر عملدرآمد کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس پروگرام کا مقصد کمپنیوں کی جانب سے مقامی معیشت میں شراکت کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کیلڈر متحدہ عرب امارات میں اپنا دفتر قائم کرنے، اسٹریٹجک شراکت داری کرنے یا توانائی کے شعبے میں تجربہ اور کاروباری روابط رکھنے والے مقامی ایجنٹ کی خدمات حاصل کرنے سمیت مختلف امکانات پر غور کر رہی ہے۔ ان اقدامات سے کمپنی کو توانائی کے منصوبوں میں شرکت اور شعبے کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔
اس سلسلے میں خلیفہ اکنامک زونز ابوظہبی، کیزاد بھی کمپنی کے زیر غور مقامات میں شامل ہے، جہاں صنعتی پیداوار یا آلات کی اسمبلنگ کے یونٹس، ورکشاپس اور دیکھ بھال کے مراکز قائم کیے جا سکتے ہیں۔ ان سہولیات سے متحدہ عرب امارات میں کمپنی کی سرگرمیوں کو تقویت ملنے کے ساتھ توانائی سے وابستہ مقامی صنعتوں اور خدمات کے شعبے میں اس کی شراکت بھی بڑھے گی۔
اسٹیو شارپ نے بتایا کہ کیلڈر کی مصنوعات میں ملٹی فیز پمپ، کیمیائی مادوں کے انجیکشن کے نظام، تیل و گیس کے کنوؤں میں تکنیکی کارروائیوں کے آلات اور ریفائنریوں کی صفائی کے لیے زیادہ دباؤ والے پانی سے کام کرنے والے جدید نظام شامل ہیں۔
یہ مصنوعات خشکی اور سمندر میں تیل و گیس کی پیداوار اور ریفائننگ کے شعبوں کی آپریشنل اور تکنیکی ضروریات پوری کرنے کے لیے تیار کی گئی ہیں۔