ابوظہبی، 5 نومبر، 2026 (وام) -- مونٹی نیگرو کے وزیر توانائی و کان کنی ادمیر شاہمانووچ نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ توانائی کے شعبے میں شراکت داری کو وسعت دینے اور قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کی ترقی میں اماراتی تجربات سے فائدہ اٹھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
اڈیپیک 2026 کے موقع پر ایمریٹس نیوز ایجنسی, وام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نمائش بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے، سرمایہ کاری راغب کرنے اور تجربات کے تبادلے کا اہم عالمی پلیٹ فارم ہے، جہاں نئے منصوبوں، ترقی کے امکانات اور توانائی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجیز اور عالمی رجحانات پر تبادلہ خیال کے مواقع میسر آتے ہیں۔
ادمیر شاہمانووچ نے بتایا کہ مونٹی نیگرو اس وقت ترقی کے اہم مرحلے سے گزر رہا ہے اور اپنے قومی قوانین کو یورپی یونین کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ تقریباً 50 کروڑ افراد پر مشتمل یورپی توانائی مارکیٹ کا حصہ بننے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مونٹی نیگرو ابوظہبی فیوچر انرجی کمپنی 'مصدر' کے تعاون سے 2 گیگاواٹ تک پیداواری صلاحیت کے حامل قابل تجدید توانائی کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے، جو دونوں ممالک اور ان کی قومی توانائی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے امید افزا مواقع فراہم کرتے ہیں۔
مونٹی نیگرو کے وزیر نے مزید اماراتی سرمایہ کاری راغب کرنے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ اڈیپیک کے دوران انہوں نے تعاون کے نئے مواقع اور مستقبل کے منصوبوں پر متعدد ملاقاتیں کی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان مذاکرات کے نتیجے میں آئندہ سال ٹھوس منصوبوں پر پیش رفت ہوگی۔
ملک کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مونٹی نیگرو کو سمندر کے نیچے بچھائی گئی بجلی کی کیبل کے ذریعے اٹلی سے منسلک کیا گیا ہے، جس کی مدد سے وہ یورپی یونین کو براہ راست بجلی برآمد کر سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مونٹی نیگرو کا ہدف محض توانائی کی ترسیل کے راستے کے طور پر کام کرنے کے بجائے ایک علاقائی توانائی مرکز بننا ہے، جہاں سے یورپی منڈیوں کو مسابقتی قیمتوں پر قابل تجدید ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی فراہم کی جا سکے۔
ادمیر شاہمانووچ نے اس شعبے کو متحدہ عرب امارات اور مونٹی نیگرو کے درمیان تعاون کے اہم مواقع میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے اور توانائی کی محفوظ اور مستحکم فراہمی یقینی بنانے کے لیے مختلف ٹیکنالوجیز اور توانائی کے ذرائع کو یکجا کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے توانائی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے متحدہ عرب امارات کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک ان مسائل کو ایک جامع وژن کے تحت دیکھ رہا ہے، جس میں مصنوعی ذہانت، عالمی تبدیلیوں اور جغرافیائی و سیاسی رجحانات کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے۔