ابوظہبی، 30 نومبر، 2023 (وام) ۔۔ کوپ 28 میں فیتھ پویلین جمعہ سے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کرے گاجس سے فریقین کی کانفرنسوں کی تاریخ میں پہلی بار ماحولیاتی تبدیلی پر بین المذاہب مکالمے اورکوششوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مسلم عمائدین کونسل کے زیر اہتمام کوپ28 پریذیڈنسی، وزارت رواداری و بقائے باہمی اور اقوام متحدہ کے ماحولیات پروگرام (یو این ای پی) کے تعاون سے فیتھ پویلین میں مختلف قسم کی تقریبات ک انعقاد کیا جئاے گا جس میں مذہبی رہنما، علماء، ماہرین تعلیم، ماحولیاتی ماہرین، موسمیاتی کارکن، خواتین، نوجوان اور مقامی افراد شرکت کریں گے۔
مسلم عمائدین کونسل کے سیکرٹری جنرل، جج محمد عبدالسلام نے کہا کہ کوپ28 میں فیتھ پویلین کا مقصد ایک دوسرے خیالات کے تبادلے، اتفاق رائے کو فروغ دینے، حل تلاش کرنے، شراکت داری کے قیام اور ماحولیاتی انصاف کو آگے بڑھانے کے لیے سفارشات پیش کرنے کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ پویلین مذہبی برادریوں، فیصلہ سازوں، اور سول سوسائٹی کے دیگر نمائندوں کو بھی شامل کرے گا تاکہ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ موقف تیار کیا جا سکے۔
سیکرٹری جنرل نے مزید کہاکہ "فیتھ پویلین امید کی کرن اور سیارہ زمین کی حفاظت کے لیے مشترکہ عالمی ذمہ داری کی علامت ہے۔"
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی زیر قیادت یہ کوپ مذاہب کے کردار اور عالمی موسمیاتی کارروائی میں مطلوبہ پیشرفت حاصل کرنے کے لیے متحد کوششوں کی اہمیت پر پختہ یقین کی عکاسی ہے۔
پویلین میں 65 سے زیادہ سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا جس میں 325 مقررین نو بڑے مذاہب کی نمائندگی کریں گے جن میں اسلام، عیسائیت، یہودیت، ہندو مت، سکھ مت، بہائی، بدھ مت، مقامی مذاہب اور زرتشتی شامل ہیں۔
شرکاء میں 70 سے زیادہ بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شامل ہیں، جن میں یونیورسٹیز، نوجوانوں کی تنظیمیں، مذہبی تنظیمیں، مذہبی ادارے، موسمیاتی گروپس، مقامی ادارے، غیر سرکاری تنظیمیں، سرکاری اور بین الحکومتی ادارے، خواتین اور انسانی امداد کی تنظیمیں شامل ہیں۔
ترجمہ۔تنویرملک
https://wam.ae/article/apwh28m-faith-pavilion-cop28-launch-tomorrow-fostering